خبریں/تبصرے

آئی ایم ایف نے ڈیڑھ ارب ڈالر سبسڈی کے اعلان پر وضاحت طلب کر لی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستان سے 1.5 ارب ڈالر کے سبسڈی پیکیج کے اعلان کی فنڈنگ سے متعلق وضاحت طلب کر لی ہے۔

’ڈان‘ کے مطابق اتوار کے روز وزیر خزانہ شوکت ترین نے اعتراف کیا کہ آئی ایم ایف نے حکومت سے وضاحت کرنے کو کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ 1.5 ارب ڈالر کے سبسڈی پیکیج کو کیسے فنڈ کریگی۔

یاد رہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنے والے وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافے کے باوجود پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ ماہرین اس پر کہہ رہے تھے کہ آئی ایم ایف وزیر اعظم کے اس اعلان پر معترض ہو گا۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو فنڈز کے حوالے سے تفصیلات بتا دی گئی ہیں۔ آئی ایم ایف کو ایندھن اور بجلی کی سبسڈی کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے وسائل کی تفصیلات چاہیے تھیں۔

ادھر آئی ایم ایف نے 2019ء میں پاکستان کیساتھ طے پانے والے 6 ارب ڈالر کے قرض پیکیج کا ساتواں جائزہ شروع کر دیا ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اسے ریاستی ملکیت والے کاروباری اداروں کے منافع کے معاہدوں کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کو صوبوں سے ملنے والے اضافی فنڈز کی تفصیلات دیکھنے کی ضرورت ہو گی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts