خبریں/تبصرے

کابل میں درجنوں طالبات اور خواتین کا سکول بند کرنے کیخلاف احتجاج

لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 درجن سے زائد طالبات اور خواتین نے لڑکیوں کے سیکنڈری سکول بند کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔

افغانستان بھر میں بدھ کے روز ہزاروں لڑکیاں تعلیم کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کیلئے تعلیمی اداروں میں پہنچی تھیں، تاہم چند ہی گھنٹوں بعد سکول دوبارہ بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا تھا۔

ہفتہ کے روز کابل کے سٹی سکوائر میں احتجاج کرنے والی طالبات نے ’اسکول کھولو، انصاف فراہم کرو‘ کے نعرے لگائے۔

مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ ’تعلیم ہمارا حق ہے، کوئی سیاسی منصوبہ نہیں‘۔ طالبات اور خواتین نعرے بازی کرتے ہوئے مارچ کرنے کے بعد منتشر ہو گئیں۔

یاد رہے کہ اگست میں طالبان کے اقتدار پر قبضے کے خلاف احتجاج کرنے والی خواتین کے خلاف کارروائیوں کے بعد یہ ایک طویل عرصہ بعد ہونے والا احتجاج ہے۔ افغانستان میں لڑکیوں کے سیکنڈری سکول گزشتہ 7 ماہ سے زیادہ عرصے سے بند رکھے گئے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts