شاعری

شاطرانہ چال

چارلز بوکاوسکی

ترجمہ: قیصر عباس

چارلز بوکاوسکی (1994-1920ء) جرمن نژاد امریکی دانشور تھے جنہوں نے افسانوں، ناولوں اور شاعری کی ساٹھ کتابیں تصنیف کیں۔ غربت، اقلیتوں کے مسائل اور عام لوگوں کی زندگی ان کی شاعری اور تصانیف کے موضوعات تھے۔ یہ موضوعات ان کی اپنی زندگی کا عکس بھی تھے جس میں انہوں نے مزدور، ٹرک ڈرائیور، کلرک اور اسی طرح کے دوسرے کام کئے۔ لاس انجلیس، کیلی فورنیا کے ایک زیر زمین اخبار میں ’Notes of a Dirty Old Man‘ کے عنوان سے ان کا کالم خفیہ ایجنسیوں کی زیر نگرانی بھی رہا۔ بوکاوسکی کی زندگی میں ان کی نگارشات پر امریکہ میں بہت کم توجہ دی گئی لیکن انہیں یورپ، خصوصاً جرمنی میں بے انتہا مقبولیت حا صل تھی۔

یہاں سے بہت دور
آج علی الصبح
صحراؤں کے دیس میں
زمینی جنگ کا آغاز ہوا
جہاں
سیاہ فام، لاطینی او ر غریب سفید فام
امریکی سپاہی
ہماری جنگ لڑ رہے ہیں
کہ یہی ایک
روزگار انہیں میسر تھا!

یہاں سے بہت دور
آج علی الصبح
صحراؤں کے دیس میں
زمینی جنگ شروع ہو چکی ہے
جہاں سیاہ فام، لاطینی
اور سفید فام غریب سپاہی
ہماری جنگ جیت رہے ہیں

ہر ٹی وی اور ریڈیو پر
بھاری بھرکم سفید فام اور امیر نیوز کاسٹر
اور سفیدفام، بھاری بھرکم، دولت مند تجزیہ نگار
ہر پل، ہر لمحہ
رات دن
ریڈیو اور ٹی وی پر
ہمیں یہ بتانے میں مصروف ہیں
کہ سیاہ فام، لاطینی اور غریب سفید فاموں کو
یہاں سے بہت دور
صحراؤں میں
کیوں بھیجا گیا کہ وہ ہماری جنگ
کو فتح سے ہمکنار کریں!

Roznama Jeddojehad
+ posts