خبریں/تبصرے

مقامی و بین الاقوامی دباؤ: ارجنٹینا نے اسرائیل کے ساتھ فٹ بال میچ منسوخ کر دیا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ارجنٹینا کی قومی فٹ بال ٹیم نے اسرائیل کے خلاف 6 جون کو کھیلا جانے والا دوستانہ میچ منسوخ کر دیا ہے۔ قومی ٹیم کا یہ فیصلہ بیونس آئرس میں طویل تیاریوں اور 2.5 ملین ڈالر کی رقم جمع کرنے کے باوجود لیا گیا ہے۔

’مڈل ایسٹ مانیٹر‘ کے مطابق میچ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ بین الاقوامی بائیکاٹ، ڈیویسٹمنٹ اینڈ سینکشنز تحریک اورارجنٹینا کی فلسطینی یکجہتی کمیٹی کے ساتھ ساتھ جنوبی امریکی ملک میں انسانی حقوق اور یکجہتی تنظیموں نے کر رکھا تھا۔ فلسطین کے الخدر فٹ بال کلب کی جانب سے بھی ارجنٹینا کی قومی ٹیم کو ایک خط لکھا گیا تھا۔

مذکورہ خط کو وسیع پیمانے پر کوریج ملی، مذکورہ کلب کے کھلاڑی محمد غنم 19 اپریل کو اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں قتل کر دیئے گئے تھے۔ خط میں الجزیرہ کی صحافی شیرین ابواکلیخ کے قتل کے ساتھ ساتھ دیگر فلسطینی شہدا کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔

ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر کو لکھے گئے اس خط میں کہا گیا تھا کہ ارجنٹینا جیسی اہم ٹیم اگر دوستانہ میچ کھیلنے کیلئے یہاں آئے گی تو اسے اسرائیلی نسل پرستانہ حکومت اپنے مذموم عزائم کے حق میں استعمال کرے گی۔ یہ نمائشی میچ اسرائیل کو نوجوان فلسطینی کھلاڑیوں کے قتل اور معذوری سمیت دیگر جرائم پر استثنیٰ دینے جیسا اقدام ہو گا۔

خط میں یہ بھی لکھا گیا تھا کہ ’اپنے ذہن میں 14 نمبر کو رکھیں، جو ہمارے ساتھی محمد غنم کا ٹیم نمبر تھا۔ وہ اب ہم میں نہیں رہے ہیں، لیکن آپ اسرائیل کو ہمارے نوجوان فلسطینی کھلاڑیوں کو قتل کرنے سے روکنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ انہیں اپنے گھر کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے پیٹھ پر گولی ماری تھی۔ اسرائیل کی بدنام زمانہ کے قریب ہی یہ اقدام کیا گیا جو ہماری زمین کو تقسیم کرتی ہے، کھیتوں کو چوری کرتی، پانی کے وسائل لیتی اور فلسطینی شہریوں کو ایک دوسرے سے الگ کرتی ہے۔‘

ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن کے بیونس آئرس ہیڈکوارٹر میں فلسطینی حقوق کے کارکنوں نے میچ منسوخی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ مظاہرین نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل پرستانہ خلاف ورزیوں کی مذمت کیلئے فلسطینی جھنڈے اور سرخ کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts