خبریں/تبصرے

عمران خان کی حفاظت پر حکومت سالانہ 24 کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی سکیورٹی پر سالانہ 24 کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔

یہ بات بدھ کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں سامنے آئی، جس کی صدارت پی ٹی آئی سینیٹر محسن عزیز نے کی۔

’ڈان‘ کے مطابق کارروائی کے دوران آئی جی ناصر خان سے عمران خان کی سکیورٹی واپس لینے اور ان کی حفاظت کیلئے تعینات نجی سکیورٹی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کی وجوہات بارے پوچھا گیا۔

آئی جی پی اسلام آباد نے کمیٹی کو بتایا کہ عمران خان کی سکیورٹی کیلئے دو نجی سکیورٹی کمپنیوں کے علاوہ خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور رینجرز کے 266 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے لائسنس منسوخ کئے گئے، تاہم وہ اب بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

آئی جی پی نے کہا کہ سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف، شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی کی طرح عمران خان کو بھی پانچ سکیورٹی گارڈز فراہم کئے گئے تھے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts