مظفر آباد (نامہ نگار) مظفر آباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں دو قوم پرست رہنما بھی بطور آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے فضل محمود بیگ بینک روڈ مظفر آباد کی وارڈ سے بطور آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے تھے۔ انہوں نے اپنے مد مقابل آزاد امیدوار کو بھاری مارجن سے شکست دی۔ فضل محمود بیگ نے 418 ووٹ حاصل کئے، جبکہ مد مقابل امیدوار دانش افضل محض 54 ووٹ ہی حاصل کر پائے۔
یاد رہے کہ فضل محمودبیگ کی حکمران جماعت تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے بھی ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا۔
فضل محمود بیگ این ایس ایف کے ایک قوم پرست گروپ کے مرکزی صدر بھی رہ چکے ہیں۔ اس وقت مظفر آباد کی سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں اور نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔
دوسرے کامیاب ہونے والے امیدوار عدیل اعوان ہیں، جو لوئر پلیٹ وارڈ نمبر 18 سے سخت مقابلے کے بعد بطور آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ عدیل اعوان نے 133 ووٹ حاصل کئے ہیں، ان کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کے راشد سہیل نے 126، آزاد امیدوار اصغر نثار میر نے 109، تحریک انصاف کے محمد زاہد نے 108، مسلم لیگ ن کی ساجدہ گیلانی نے 101، آزاد امیدوار خالد زیدی نے 96، آزاد امیدوار راشد حنیف نے 65، آزاد امیدوار عمران رشید اعوان نے 58 اور آزاد امیدوار عمیر شاہ نے 42 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ اس طرح نوجوان عدیل اعوان انتہائی سخت مقابلے کے بعد یہ وارڈ کونسلر کی نشست جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
عدیل اعوان این ایس ایف کے ایک اور قوم پرست گروپ آزاد این ایس ایف کے مرکزی عہدیدار رہ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ مظفر آباد میں بینک روڈ، لوئر اور اپر پلیٹ کا علاقہ جے کے این ایس ایف کا گڑھ رہا ہے۔ مظفر آباد میں جے کے این ایس ایف ایک ایسی روایت کے طور پر رہی ہے کہ شاید ہی کسی جماعت میں کوئی سیاسی رہنما ایسا ہو جو ماضی میں جے کے این ایس ایف کا حصہ نہ رہا ہو۔
حال ہی میں تحریک انصاف شامل ہونے والے نیشنل عوامی پارٹی کے رہنما ذوالفقار بیگ بھی تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے بھاری مارجن کے ساتھ وارڈ کونسلر کی نشست جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ذوالفقار بیگ نے بھی سیاست کی ابتدا این ایس ایف سے ہی کی تھی۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی نشانات الاٹ ہونے سے دو تین روز قبل وہ تحریک انصاف میں شامل ہوگئے تھے۔ ماضی میں بھی جے کے این ایس ایف سے تربیت حاصل کرنے والے متعدد رہنما مسلم کانفرنس، پیپلزپارٹی، ن لیگ اور تحریک انصاف کا حصہ بنتے رہے ہیں۔
مظفر آباد میں دو قوم پرست رہنماؤں کی جیت کے بعد معروف سیاسی مرکز اپر اڈہ کے مقام پر قوم پرست کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہو گئی اور پرجوش نعرے بازی کے ذریعے امیدواروں کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔