راولاکوٹ (نامہ نگار) جموں کشمیر کی ترقی پسند قوم پرست تنظیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ کی اہلیہ کا جسد خاکی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آبائی گاؤں کھڑک راولاکوٹ میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
نماز جنازہ خان اشرف خان سپورٹس کمپلیکس میں بدھ کے روز ادا کی گئی۔ شدید برفباری اور بارش کے باوجود اندرون و بیرون ریاست سے جموں کشمیرلبریشن فرنٹ کے رہنماؤں، قوم پرست اور ترقی پسند تنظیموں کے رہنماؤں کے علاوہ اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے سینکڑوں کی تعدادمیں نماز جنازہ میں شرکت کی۔
سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ کی اہلیہ گزشتہ دو ماہ سے شدید علیل تھیں، انہیں کینسر کا موذی مرض لاحق تھا اور وہ تقریباً دو ماہ تک اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج رہیں۔ جہاں منگل کی سہ پہر انہوں نے اپنی آخری سانس لی۔
وہ پروگریسیو سٹوڈنٹس کلیکٹو (پی ایس سی) کے مرکزی ترجمان علی عبداللہ خان کی والدہ تھیں۔
جموں کشمیر، پاکستان اور دنیا کے مختلف ملکوں میں موجود سیاسی و سماجی رہنماؤں، ترقی پسند کارکنوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے سردار صغیر خان ایڈووکیٹ اور ان کے صاحبزادے علی عبداللہ خان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔