لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان کے شہر مزار شریف میں طالبان حکمرانوں نے گھوڑوں اور سفید فاختہ کے مجسمے کو گرا دیا ہے۔
پیر کے روز افغان صحافی بلال سروری نے ٹویٹر پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’طالبان اب یادگاروں، ثقافت اور کھیلوں کی علامات کو بھی تباہ کرنے کے چکر میں ہیں۔ انہوں نے مزار شریف میں گھوڑوں اور سفید فاختہ کے مجسمے کو گرا دیا ہے۔‘
ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ ’کچھ روز پہلے ہی میں ان مجسموں کو دیکھنے کے بعد سوچ رہا تھا کہ یہ طالبان نے ابھی تک کیسے چھوڑے ہوئے ہیں، شاید وہ برفباری کا انتظار کر رہے تھے۔‘
ایک اور ٹویٹر صارف نے لکھا کہ ’فاتختہ امن کا نشان ہوتی ہے، طالبان کا وجود ہی امن کا دشمن ہے، وہ فاتختہ کے مجسمے کو کیسے رہنے دے سکتے تھے۔‘
طالبان کے افغانستان میں اقتدار پر قبضے کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، خواتین کے کام کرنے اور تعلیم پر پابندی کے علاوہ پبلک پارک، ایکسرسائز جم، پلے لینڈ، میوزک سنٹر، بیوٹی پارلر سمیت مختلف مقامات پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ مجسموں اور ثقافتی علامات کو توڑ ا گیا ہے۔ اس کے علاوہ میڈیا پربھی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔