خبریں/تبصرے

فیض امن میلہ کی تشہیر کیلئے لاہور میں بگھی مارچ، شہریوں کو شرکت کی دعوت

لاہور (جدوجہد رپورٹ) باغ جناح لاہور میں 12 فروری کو منعقد ہونے والے فیض امن میلے کی تشہیر کیلئے جمعرات کے روز شملہ پہاڑی سے منفرد بگھی مارچ کیا گیا۔ دو گھوڑوں سے چلنے والی اس بگھی کو فیض میلہ کے تشہیری پوسٹرز اور فلیکس سے سجایا گیا تھا۔ فیض امن میلہ کمیٹی کے ممبران اور ممتاز سماجی اور سیاسی شخصیات فاروق طارق، سیدہ دیپ، طاہرہ حبیب جالب، سارا جالب، سیمسن سلامت، خالد بٹ، نازلی جاوید، رفعت مقصود، حسنین جمیل فریدی و دیگر نے پریس کلب لاہور سے براستہ گوالمنڈی صفا نوالہ چوک تک بگھی مارچ کیا۔ شہریوں نے بھرپور انداز میں بگھی مارچ کا استقبال کیا۔

آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری خورشید احمد نے اپنے ساتھیوں سمیت بختیار لیبر ہال کے باہر اس مارچ کا استقبال کیا۔ انہوں نے مزدور طبقہ کی بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

مارچ کے شرکا نے ساؤنڈ سسٹم پر فیض احمد فیض کی نظم ’ہم دیکھیں گے‘ لگا رکھی تھی جبکہ مائیک پر شہریوں کو میلے کی دعوت بھی دے رہے تھے۔

بگھی مارچ کے شرکا نے شہریوں کو بتایا کہ 12 فروری کو باغ جناح لاہور کے کاسمو کلب کے گراؤنڈ میں فیض امن میلہ کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس میں ملک بھر کے ممتاز شعرا، فنکار اور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

بگھی مارچ کل جمعہ 10 فروری کو بھی جاری رہے گا۔

فیض میلے کی انٹری فری ہے جبکہ وہاں سستے اور معیاری کھانوں، کتابوں کے سٹالز کے علاوہ دیگر سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ فیض احمد فیض کی سالگرہ کے موقع پر یہ میلہ ہر سال لاہور میں منعقد کیا جاتا ہے، جس میں بائیں بازو، ٹریڈ یونینز، خواتین، طلبہ کی تنظیمیں اور محنت کشوں کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہیں۔ یہ میلہ ایک بھرپور عوامی میلہ ہوتا ہے جس میں ہر خاص و عام کو دعوت عام دی جاتی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts