قیصر عباس
20 نومبر 2020ء کو فیض احمد فیض کی 36 ویں برسی کی مناسبت سے
شہرِ سخن میں مہرِمنو ر کی بات ہو
اک شہ سوارِ کوچہِ دلبر کی بات ہو
اقلیمِ حرف اس کے قلم کی گرفت میں
خوشبو کی، پیرہن کی، ستم گر کی بات ہو
”پھر اوٹ لے کے دامنِ ابرِ بہارکی“
دورِجنوں کی، بادہ و ساغر کی بات ہو
بکھریں کتابِ دل پہ کئی خوشبوؤں کے باب
جب فیضؔ کی، قلم کی، سخنور کی بات ہو
دستِ صبا پہ نقش کرو نسخہ وفا
پھر جاکے اس نظر کے سمندر کی بات ہو
رکھو حصارِ ذہن میں قیصر ؔ تمام لفظ
بے فیض کیا غزل کی، گلِ تر کی بات ہو
Qaisar Abbas
ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔