خبریں/تبصرے

بیاد ڈاکٹر قیصر عباس: آن لائن ریفرنس کل ہو گا

لاہور (جدوجہد ڈیسک) روزنامہ جدوجہد کے مدیر اعلیٰ ڈاکٹر قیصر عباس مرحوم 31 اکتوبر کو وفات پا گئے تھے۔ ان کی علمی،ادبی،صحافتی اور اکیڈیمک خدمات پر انہیں خراج ِعقیدت پیش کرنے کے لئے ’روزنامہ جدوجہد‘ کے زیر اہتمام ایک آن لائن ریفرنس کا کل (10 دسمبر) اہتمام کیا جا رہا ہے۔

زوم لنک: https://us02web.zoom.us/j/81330965366Meeting

ID: 813 3096 5366

پاکستانی وقت کے مطابق یہ ریفرنس شام 7 بجے شروع ہو گا۔

اس ریفرنس میں ڈاکٹر قیصر عباس کے رفقاء اظہار خیال کریں گے۔ ان رفقاء میں فوزیہ رفیق،سرور منیرراو،رتوجا دیش مکھ، فاروق طارق، عدنان فاروق، اور ڈاکٹر فیض اللہ جان شامل ہیں۔ فوزیہ رفیق اِن دنوں سرے، برٹش کولمبیا (کینیڈا)میں مقیم ہیں۔فوزیہ رفیق نے ڈاکٹر قیصر کے ہمراہ ستر کی دہائی میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے کیا جس کے بعد ڈاکٹر قیصر امریکہ جبکہ فوزیہ رفیق کینیڈا منتقل ہو گئیں۔ سرور منیر راو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور دنیا نیوز چینل سے وابستہ رہے ہیں۔ ان کا شما ر ڈاکٹر قیصر عباس کے دیرینہ دوستوں میں ہوتا ہے۔

ر توجا دیش مکھ مشی گن یونیورسٹی سے میڈیا میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر قیصر عباس نے رتوجا دیش مکھ کی مدون کردہ کتاب Historicizing Myths in Contemporary India: Cinematic Representtaions and Nationalist Agendas in Hindi Cinema کے لئے فاروق سلہریا کے ہمراہ ایک باب تحریر کیا تھا۔ رتوجا دیش مکھ نے یہ کتاب پروفیسر سووپنا گوپی ناتھ کے ہمراہ مدون کی۔

فاروق طارق،صدرحقوق خلق پارٹی، ڈاکٹر قیصر کے ہمراہ ’روز نامہ جدوجہد‘ کے بانیوں میں شامل رہے ہیں اور دونوں ’روز نامہ جدوجہد‘ کے ادارتی بورڈ کے رکن رہے ہیں۔ ڈاکٹر فیض اللہ جان،پشاور یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات میں صدر شعبہ ہیں۔ ڈاکٹر فیض اللہ جان نے ڈاکٹر قیصر کی مدون کردہ کتاب ’فرام ٹیرر ازم ٹو ٹیلی ویژن‘ میں پاکستانی صحافت بارے ایک باب تحریر کیا تھا۔ عدنان فاروق وئیو پوائنٹ آن لائن کے مدیر رہے۔ یہ ہفت روزہ چند سال قبل بند ہو گیا تھا۔ ڈاکٹر قیصر وئیو پوائنٹ کے لئے باقاعدہ کالم لکھتے رہے۔

اس ریفرنس میں ڈاکٹر قیصر کے اہل خانہ بھی شرکت کریں گے۔

ڈاکٹر قیصر نے ستر کی دہائی میں پنجاب یونیورسٹی سے صحافت میں ایم اے کیا۔ وہ کچھ عرصہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سے وابستہ رہے۔ بعد ازاں 1981 میں، امریکہ منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے پہلے آئیوا یونیورسٹی سے ایم اے کیا اور پھر وسکانسن میڈسن یونیورسٹی سے صحافت میں پی ایچ ڈی کی۔ انہوں نے اپنا پی ایچ ڈی مقالہ پاکستان ریڈیو پر تحریر کیا۔زندگی کے آخری سالوں میں وہ سدرن میتھڈسٹ یونیورسٹی کے ساتھ وابستہ تھے۔

انہوں نے امریکی یونیورسٹیوں میں پڑھایا بھی اور انتظامی امور بھی سر انجام دئیے۔ تحقیقی مقالے اور بُک چیپٹرز شائع کرنے کے علاوہ انہوں نے ’فرام ٹیرر ازم تو ٹیلی ویژن: دی ڈائنا مکس آف سٹیٹ،میڈیا اینڈ سوسائٹی اِن پاکستان‘ کے عنوان سے،فاروق سلہریا کے ہمراہ، ایک کتاب بھی مدون کی۔ اس کتاب کو اکیڈمک کتب شائع کرنے والے معروف عالمی اشاعتی ادارے رُوٹلیج نے 2020 میں شائع کیا۔

ڈاکٹر قیصر ایک صاحب طرز شاعر اور نقاد بھی تھے۔ ان کی شاعری کا مجموعہ ’سورج کو اچھالے رکھوں‘ کے عنوان سے شائع ہوا۔ انہوں نے امریکہ میں ہونے والے بے شمار مشاعروں میں شرکت کی۔ ان کا کلام ادبی مجلوں میں بھی شائع ہوا۔ وہ دی نیوز آن سنڈے کے لئے بھی کالم لکھتے رہے۔ ماضی میں وہ وئیو پوائنٹ آن لائن کے لئے بھی باقاعدگی سے لکھتے رہے۔

’روزنامہ جدوجہد‘ کے لئے لکھی گئی ان کی تحریروں پر مشتمل کتاب ’امید سحر کی بات‘ کے عنوان سے زیر اشاعت ہے۔ یہ کتاب انہوں نے خود ترتیب دی مگر زندگی نے انہیں مہلت نہ دی کہ اس کی اشاعت کا اہتمام کرتے۔ یہ کتاب ’روز نامہ جدوجہد‘ کی مدد سے جمہوری پبلی کیشنز کے زیر اہتمام،اگلے سال شائع کی جائے گی۔

علمی،ادبی اور صحافتی شعبوں کے علاوہ وہ عملی طور پر انسانی حقوق کے لئے بھی متحرک رہے۔ وہ امریکہ میں متحرک ساوتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے ساتھ منسلک تھے اور اس کے عہدیدار بھی منتخب ہوئے۔

وہ عمر بھر ترقی پسند نظریات کی ترویج کے لئے ہر ممکنہ پلیٹ فارم سے متحرک رہے۔ ڈاکٹر قیصر کی زندگی جمہوریت، انسانی حقوق اور آزادی اظہار کی جدوجہد کے لئے وقف تھی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts