راولاکوٹ(نامہ نگار) جموں کشمیرنیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کے یوم شہادت کے موقع پر اندرون و بیرون ریاست مووی سیشن،سٹڈی سرکل اور سیمینار بعنوان”بھگت سنگھ کی جدوجہد اور برصغیر کی سوشلسٹ فیڈریشن ” منعقد کیے گئے۔
راولاکوٹ
مرکزی سیکریٹریٹ این ایس ایف راولاکوٹ میں بھگت سنگھ کی برسی بھرپور انداز میں منانے ہوئے سیمینار بعنوان ” بھگت سنگھ کی جدوجہد اور برصغیر کی سوشلسٹ فیڈریشن ” کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں نظامت کے فرائض سابق چیئرمین ضلع پونچھ سبحان عبدالمالک نے ادا کیے۔ سیمینار سے چئیرمین این ایس ایف ضلع پونچھ مجیب خان، مرکزی ایڈیٹر عزم بدر رفیق، سابق ایڈیٹر عزم التمش تصدق، زبیر لطیف، بلال امین اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ” آر ایس ایف” شمالی پنجاب کے آرگنائزر عمر عبداللہ نے خصوصی شرکت کی اور سیمینار سے اختتامی خطاب کیا۔
ہجیرہ
جے کے این ایس ایف ہجیرہ کے زیر اہتمام سیمینار کے انعقاد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ سیمینار میں نظامت کے فرائض چیئرمین سٹڈی سرکل ضلع پونچھ منصور مجید نے ادا کیے۔ سیمینار سے جنرل سیکرٹری عباس پور یونٹ صائمہ بتول، آرگنائزر ضلع پونچھ سیف اللہ، بلال اکبر،آرگنائز گرلز کالج احتشام صابر،بلال خان،کامریڈ عزیر اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پیپلز ریوولوشنری فرنٹ کے سیکرٹری جنرل ابرار لطیف نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
راولپنڈی
راولپنڈی میں جے کے این ایس ایف اور آر ایس ایف کے زیر اہتمام مشرکہ طور پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور بعد ازاں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے مرکزی چئیرمین جے کے این ایس ایف راولپنڈی کامریڈ اسرار،، صدر آر ایس ایف راولپنڈی/اسلام آباد موئز اختر، مرکزی چیئرمین سٹڈی سرکل این ایس ایف سعد الحسن، سیکرٹری جنرل آر ایس ایف راولپنڈی عروبہ ممتاز، آرگنائزر آر ایس ایف راولپنڈی عبد الرحمن سیکرٹری مالیات آر ایس ایف راجیش کمہار، ثنائے محمد اور دیگر راہنماؤں نے خطاب۔ اس موقع پر افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا۔
کوٹلی
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کوٹلی کے زیر اہتمام بھگت سنگھ کی 93ویں برسی کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر ارسلان شانی، آرگنائزر این ایس ایف پونچھ یونیورسٹی وہاب، کامریڈ شکور اور دیگر راہنماؤں نے خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر مووی سیشن” دی لیجنڈ آف بھگت سنگھ” رکھا گیا اور بعد ازاں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
باغ
این ایس ایف ضلع باغ کے زیر اہتمام کامریڈ بھگت سنگھ کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے این ایس ایف کے سینئر نائب صدر عدنان خان، این ایس ایف باغ کے راہنما راشد باغی، بشری عزیز ایاز خان اور دیگر نے خطاب کیا۔ سیمینار میں پی آر ایف کے مرکزی آرگنائزر راشد شیخ نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ باغ سیمینار کے اختتام پر افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا۔
کھائی گلہ
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن سٹی یونٹ کھائی گلہ کے زیر اہتمام بھگت سنگھ، راج گرو اور سُکھ دیو کے 93 یوم شہادت کے موقع پر نوجوانوں کو بھگت سنگھ کی زندگی اور انقلابی نظریات سے روشناس کرانے کے لیے راج کمار سنتوشی کا شاہکار بھارتی فلم“دی لیجنڈ آف بھگت سنگھ”کی سکریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے بعد بھگت سنگھ کی انقلابی جدوجھد اور افکار کو زیر بحث لاتے ہوئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے این ایس ایف کے سی سی ممبر واجد خان، سیکرٹری مالیات این ایس ضلع پونچھ عبدالقادر اور دیگر نے خطاب کیا۔
علی سوجل
جے کے این ایس ایف علی سوجل یونٹ کے زیر اہتمام بھگت سنگھ کی برسی کے موقع پر سٹڈی سرکل بعنوان ” بھگت سنگھ کی جدوجہد اور برصغیر کی سوشلسٹ فیڈریشن ” کا انعقاد کیا گیا۔ این ایس ایف ضلع پونچھ کے وائس چیئرمین نعیم، پی آر ایف کے سیکرٹری مالیات تنویر انور، سہیل اسماعیل اور دیگر نے خطاب کیا۔
لاہور
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اورریوولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ کے زیر اہتمام پنجاب یونیورسٹی لاہور میں بھگت سنگھ شہید کی برسی کی مناسبت سے سیمینار و افطار کا پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین کے انٹرنیشنل سیکرٹری عمران کامیانہ، ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ کے مرکزی آرگنائزر اویس قرنی، این ایس ایف کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجیب اکبر اور دیگر راہنماؤں نے خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
جبکہ کراچی اور مظفرآباد میں 25 مارچ کو بھگت سنگھ،راج گرو،سکھ دیو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
سیمینار و تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بھگت سنگھ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ، بھگت سنگھ کے نظریات و افکار اور اس کی جدوجہد آج بھی انقلابی نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ سامراجی گماشتوں اور مقامی بورژوا نمائندگان نے نہ صرف بھگت سنگھ کو شہید کیا بلکہ اس کی شہادت کے بعد بھی تاریخ سے بھگت سنگھ کے کردار اور لڑائی کو مٹانے کی ناکام کوشش کی۔ ان حربوں سے ناکام ہو کر بھگت سنگھ کی جدوجہد کو توڑ موڑ کر پیش کرتے ہوئے اس پر قوم پرستی یا مذہبی انتہا پسندی کا الزام لگانے کی بیہودہ واردات میں بھی حکمران طبقے کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھگت سنگھ جس نے محض تئیس برس کی عمر میں تختہ دار پر لٹک کر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا یقینی طور پر انسانی تاریخ میں جبر کے خلاف شجاعت و دلیری اور اپنے مقصد کے حصول کی خاطر قربانی کی ایک بے نظیر مثال ہے۔ اس قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا بلکہ انقلابی نوجوانوں کے لیے یہ ایک شکتی، حوصلے اور انقلاب سے لگن کا ایک درخشاں باب جس سے سیکھتے ہوئے بھگت سنگھ کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کو جاری و ساری رکھنا ہو گا۔
مقررین نے کہا کہ، برصغیر کی سوشلسٹ فیڈریشن کے قیام کے سلسلے میں بھگت سنگھ کے افکار، طریقہ کار، اس کی لکھت اور تاریخ کے کردار کو سمجھنا انقلابی نوجوانوں کا فریضہ ہے۔ پیشہ ورانہ انقلابی جدوجہد کی ضرورت اور اہمیت ماضی کی نسبت اس دور میں زیادہ ضروری اور زیادہ سنجیدگی و عمل کی متقاضی ہے۔
علاوہ ازیں مقررین کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن ہی اس خطے کے نوجوانوں اور محنت کشوں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کے پاس جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات ہیں جو کہ ایسا ہتھیار ہیں جن کی بنیاد پہ اس نظام سے لڑا جا سکتا ہے۔ یہ وہی نظریات ہیں جو کامریڈ بھگت سنگھ کی انقلابی میراث ہیں، اور بھگت سنگھ کی انقلابی جدوجھد میں انہی نظریات کی راہنمائی دیکھنے کو ملتی ہے۔ برصغیر کے خونی بٹوارے سے رستے ہوئے زخم، یہاں کے محکوم و مظلوم عوام کے لیے ایک ناسور بن چکے ہیں اور بھگت سنگھ کا سوشلسٹ فیڈریشن کے قیام کا خواب اور اس کی سوشلسٹ انقلاب کے لیے جدوجہد اور قربانی ہمیں یہ سیکھاتی ہے کہ برصغیر کی محکوم و مظلوم قومیتوں کی طبقاتی جڑات اور طبقاتی جدوجہد ہی وہ واحد قابل عمل انقلابی جراحی ہے جو اس خطے سے سرمایہ داری کیگلے سڑے ناسور کو ختم کرتے ہوئے برصغیر میں بسنے والے لوگوں کو حقیقی آزادی کے خواب کی تعبیر سے روشناس کروا سکتی ہے۔