خبریں/تبصرے

انتظامیہ نے کنونشن روک دیا: این ایس ایف راولپنڈی برانچ کی نئی کابینہ کا اعلان

راولپنڈی (نامہ نگار)جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن راولپنڈی اسلام آباد کے کنونشن کو ریاست کی جانب سے سبوتاژ کئے جانے کے بعد این ایس ایف راولپنڈی آفس میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد برانچ کی نئی کابینہ کا بھی اعلان کیا گیا، جس کے مطابق اسرار شبیر چئیرمن، شہاب یوسف وائس چیئرمین، عروج امجد جنرل سیکرٹری، ماجدخان آرگنائزر، انیب احمد سیکرٹری مالیات، فیضان طارق انچارج سٹڈی سرکل اور عمر سرور سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوئے ہیں۔ نومنتخب کابینہ سے مرکزی ایڈیٹر عزم بدر رفیق نے حلف لیا۔

اجلاس سے مرکزی صدر خلیل بابر، مرکزی آرگنائزر آر ایس ایف اویس قرنی، صدر این ایس پاکستان ڈاکٹر جمیل بلوچ، سابق صدر این ایس ایف بشارت علی خان، سابق چئیرمن جامعہ پونچھ مجیب خان کے علاوہ دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی ریاست کی جانب سے جموں کشمیر کی طلبہ تنظیموں کے خلاف پابندی متعصبانہ اور غیر آئینی اقدام ہے۔ ریاستی اداروں کی ایماء پر قومی تعصب پر مبنی یہ پالیسی اس نام نہاد جمہوریت اور آئین کے منہ پر طمانچہ ہے۔ فوری طور پر اس پابندی کو ختم کرتے ہوئے سرکاری سطح پر طلبہ تنظیموں سے اس متعصبانہ پالیسی پر معافی نہ مانگی گئی تو نہ صرف جموں کشمیر بلکہ پاکستان کے چاروں صوبوں اور بیرون ملک مختلف ملکوں میں اس کے خلاف بھرپور احتجاجی مہم چلائی جائے گی۔اس جعلی اور لولی لنگڑی جمہوریت اور سیاسی ڈھانچے کو بے نقاب کیا جائے گا۔ سکیورٹی سٹیٹ کے طور پر پالیسیاں بنانے اور ترقی پسند سیاسی قوتوں کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنے کا عمل کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر اور دیگر محکوم قومیتوں کی آزادی پسند اور ترقی پسند قوتوں کو پرامن سیاسی سرگرمی کی پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں اجازت نہیں ہے، لیکن دہشت گرد تنظیموں اور فرقہ وارانہ گروہوں کو مختلف نام استعمال کر کے ہر طرح کی سرگرمیاں کرنے کی اجازت ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ہم اس دہرے معیار اور غیر منصفانہ و متعصبانہ سلوک کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ اس کے ردعمل میں ہر حد تک جائیں گے اور سائنسی سوشلزم کے نظریات کی بنیاد پر طلبہ اور نوجوانوں کو لیس کرتے ہوئے اس بوسیدہ نظام کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts