لاہور(جدوجہد رپورٹ) فلسطین کے حامی مظاہرین نے جمعرات کو صدارتی انتخابی مہم کی تاریخ کے سب سے بڑے ون نائٹ فنڈ ریزر میں خلل ڈالا ہے۔ نیویارک سٹی کے ریڈیو سٹی میوزک ہال میں ہونے والے اس پروگرام میں متعدد مشہور شخصیات شامل تھیں اور صدر بائیڈن نے سابق صدور باراک اوباما اور بال کلنٹن کے ہمراہ ری الیکشن مہم کیلئے 25ملیین ڈالر کا ریکارڈ فنڈ اکٹھا کیا۔
’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق مرکزی تقریب تین امریکی صدور کے ساتھ اسٹیج پر ہونے والی گفتگو تھی، جسے رات گئے ٹاک شو کے میزبان اسٹیفن کولبرٹ نے ماڈریٹ کیا تھا، لیکن لوگوں نے ان کی گفتگو کے صرف10منٹ بعد ہی اس میں خلل ڈالنا شروع کر دیا۔ بائیڈن جب بات کر رہے تھے تو مظاہرین نے اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔
دریں اثناء ہزاروں مظاہرین بھی غزہ پر اسرائیلی حملے کیلئے بائیڈن انتظامیہ کی حمایت کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے پنڈال کے باہر جمع ہو گئے۔ یوں تقریب کے اندر اور باہر دونوں جگہوں پر احتجاج شروع ہو گیا۔