خبریں/تبصرے

صحافی نبیل انور کو دھمکیاں دینے کی مذمت، تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

لاہور(جدوجہد رپورٹ)سینئر صحافیوں نے چکوال کے رہائشی فری لانس صحافی نبیل انور کے خلاف انتہا پسند گروپ کے اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔

مشترکہ بیان میں ناصر زیدی، ناصر ملک، عصمت اللہ نیازی، ڈاکٹر توصیف احمد خان، مطیع اللہ جان، سہیل ساگھی اور وارث رضا نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ گزشتہ چند روز سے ایک مذہبی گروہ نبیل انور کو کھلے عام دھمکیاں دے رہا ہے لیکن حکام اس اس گروہ کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہیں۔

صحافیوں کا کہنا تھا کہ گروہ کے رہنما نہ صرف صحافی نبیل انور کو دھمکیاں دے رہے ہیں بلکہ ان کی حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی وجہ سے ان کے خلاف مذہبی منافرت پیدا کرنے کیلئے مسلسل مہم بھی چلا رہے ہیں۔

صحافیوں کو کہنا تھا کہ نبیل انور نے محض ان واقعات کی رپورٹنگ کر کے پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ حقیقت پر مبنی واقعات کی رپورٹنگ ایک رپورٹر کی اولین ذمہ داری ہے، چاہے اس کے مذہبی عقائد کچھ بھی ہوں۔

انہوں نے اس بات پر گہری تشویش کا اطہار کیا کہ ضلعی اور صوبائی حکام نے نبیل انور کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی انہیں دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ نبیل انور کے خلاف اس طرح کے اشتعال انگیز بیانات کے ساتھ ایک منظم بدنیتی پر مبنی مہم ان کی زندگی کیلئے سنگین خطرہ پیدا کر رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نبیل انور کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے کلاف فوری کارروائی کی جائے۔ میڈیا والوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ان لوگوں کے خلاف بروقت کارروائی کی جائے جو نبیل انور کے خلاف مذہب کی بنیاد پر نفرت پھیلا رہے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts