لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے بل گیٹس کی بنائی ہوئی معروف کمپنی مائیکروسافٹ کو دس ارب ڈالر کا ایک ٹھیکہ دیا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ مائیکروسافٹ محکمہ دفاع کے لئے کلاؤڈکمپیوٹنگ سسٹم بنا کر دے۔
اس ٹھیکے میں اور کمپنیوں کے علاوہ ایمازون بھی دلچسپی رکھتی تھی مگر ایمازون کے مالک جیف بیسوز کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ ناپسند کرتے ہیں۔ یاد رہے معروف اخبار واشنگٹن پوسٹ بھی اب ایمازون کی ملکیت ہے اور صدر ٹرمپ دیگر بڑے اخبارات کی طرح واشنگٹن پوسٹ سے بھی ناراض رہتے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل ایک کتاب شائع ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے سابق وزیرِ دفاع جیمز ماٹیس سے کہا تھا کہ ’’ایمازون کو سبق سکھاؤ‘‘۔
غالباً اس پس منظر کی وجہ سے پینٹاگون کا یہ ٹھیکہ مائیکروسافٹ کو دیا جانا امریکی میڈیا میں ایک نمایاں خبر بن کر جگہ پا رہا ہے۔