لاہور (جدوجہد رپورٹ) جب سے عالمی درجہ حرارت کا حساب مرتب کیا جا رہا ہے تب سے 2019ء انسانی تاریخ کا سب سے گرم ترین سال قرار دیا گیا ہے۔ یہ اعداد و شمار ماحولیات پر تحقیق شائع کرنے والے جریدے ”ایڈوانسز ان اٹماسفیئرک سائنسز“ (Advances in Atmospheric Sciences) میں پیش کئے گئے ہیں۔
جریدے کے مطابق گذشتہ سال سمندری سطح پر ماپے گئے درجہ حرارت کے حوالے سے گرم ترین تھا جبکہ زمینی سطح پر ماپے گئے درجہ حرارت کے حساب سے یہ دوسرا گرم ترین سال تھا۔ اس کے مطابق اضافی حرارت کا نوے فیصد سمندری سطح پر جمع ہو جاتا ہے اس لئے سمندری سطح پر درجہ حرارت کی پیمائش انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔