خبریں/تبصرے

کرونا بحران اپنی جگہ: دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی دولت میں 51 ارب ڈالر کا اضافہ

لاہور (جدوجہد رپورٹ) کرونا بحران کی وجہ سے دنیا بھر میں کروڑوں لوگ بے روزگاری کا شکار ہیں مگر ہفتے کے روز معروف جریدے فوربز کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے امیر ترین دس افراد کی دولت میں 51.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

اس عالمی بحران کے دوران سب سے زیادہ پیسہ بھی دنیا کے سب سے امیر انسان، ایمازون کے بانی جیف بیزوس، نے بنایا ہے۔ ان کی دولت میں 24 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے اپنے ملازمین کی تنخواہ دینے کیلئے لوگوں سے چندے کی اپیل بھی کی تھی۔

ہفتے کے روز جب فوربز نے رپورٹ جاری کی تو ان کی دولت میں چھ ارب ڈالر اضافہ نوٹ کیا گیا۔ منگل کے روز فوربز نے ایک اور رپورٹ جاری کی جس کے مطابق ایمازون کے حصص میں اضافے کی وجہ سے جیف بیزوس نے 24 ارب ڈالر کمائے ہیں۔ وہ کمپنی کے گیارہ فیصد حصص کے مالک ہیں۔ ان کی دولت 138 ارب ڈالر ہے۔ وہ 2017ء سے دنیا کے امیر ترین فرد ہیں۔

ایمازون کے حصص کی قیمت 2,283 ڈالر پر چلی گئی ہے۔ اس بحران کے دوران ایمازون کے کام میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس کمپنی نے ایک لاکھ نئے لاگ بھرتی کئے ہیں اور اس نے عندیہ دیا ہے کہ وہ 75 ہزار مزید لوگ بھرتی کرے گی۔

ادھر، ایمازون پر اس کے اپنے ملازمین اور ٹریڈ یونین تحریک کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے کہ کرونا بحران کے دوران ملازموں کی صحت کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔ 31 مارچ کو ایمازون کے ایک وئیر ہاوس میں کسی ایمازون ملازم کی کرونا سے پہلی موت واقع ہوئی تھی۔ ایمازون کے ایک ملازم کرس سمالز جنہوں نے ان حالات کے خلاف احتجاج منظم کیا، انہیں نوکری سے نکال دیا گیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts