فاروق سلہریا
ہندوستان کو اپنے بالی وڈ پر بڑا فخر ہے۔ ان کی فلم انڈسٹری سال کی 1300 فلمیں ریلیز کرتی ہے۔ مشکل سے پانچ سات فلمیں ہٹ ہوتی ہیں۔
ہندوستان کے بالی وڈ کا پاکستان کے جالی وڈ (Jollywood) سے کوئی مقابلہ نہیں۔ جالی وڈ سال کی پانچ سات ویڈیو لیک کرتا ہے، سب کی سب ہٹ۔
بالی وڈ کی اکثر فلموں میں ان کے اداکار اور اداکارائیں اداکاری کرتے ہیں۔ ان کے خان اور کپور فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے ہیں۔ جالی وڈ کی پراڈکشنز میں جج، بیوروکریٹ، سرکاری افسر، سیاستدان اور کبھی کبھار ہی فلمسٹار نظر آ تے ہیں۔ جالی وڈ کی ویڈیوز میں عام طور پر مفتی قوی اور جج کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے ہیں۔
بالی وڈ کی کوشش ہوتی ہے، وہ جو فلمیں بنائے وہ حقیقی زندگی کے قریب ہوں۔ جالی وڈ کی ویڈیو میں کوشش کی جاتی ہے کہ حقیقی زندگی فلموں کی طرح حسین نظر آئے۔
بالی وڈ پیسے کمانے کے لئے فلمیں ریلیز کرتا ہے۔ لالچی کہیں کے۔ جالی وڈ قومی مفاد میں ویڈیو لیک کرتا ہے۔ فی سبیل اللہ!
Farooq Sulehria
فاروق سلہریا روزنامہ جدوجہد کے شریک مدیر ہیں۔ گذشتہ پچیس سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ ماضی میں روزنامہ دی نیوز، دی نیشن، دی فرنٹئیر پوسٹ اور روزنامہ پاکستان میں کام کرنے کے علاوہ ہفت روزہ مزدور جدوجہد اور ویو پوائنٹ (آن لائن) کے مدیر بھی رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔