خبریں/تبصرے

دنیا بھر میں روسی جارحیت کے خلاف احتجاج

لاہور (جدوجہد رپورٹ) روس کے یوکرین پر حملے کے خلاف جمعرات اور جمعہ کو ٹوکیو سے تل ابیب اور نیو یارک تک کے شہروں میں مظاہرین نے عوامی چوکوں اور روسی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کیا۔

’رائٹرز‘ کے مطابق سب سے پہلا احتجاج جمعرات کو واشنگٹن میں روسی سفارتخانے کے باہر منعقد کیا گیا۔ یہ احتجاج روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے فوجی آپریشن کے اعلان کے محض 3 گھنٹے بعد ہی کیا گیا۔

امریکی دارالحکومت میں درجنوں مظاہرین یوکرین کے جھنڈے لہرا رہے تھے اور روسی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں سیکڑوں مظاہرین نے وزیر اعظم کے گھر کے سامنے ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین میں شامل بہت سے یوکرینی باشندے رو رہے تھے۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ یہ پوری دنیا کیلئے بہت خطرناک لمحے ہیں۔

سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں آسکر ایوارڈ یافتہ ہسپانوی اداکار جیویئر بارڈیم کے ہمراہ روسی سفارتخانے کے باہر سیکڑوں افراد احتجاج میں شریک ہوئے۔

مین ہٹن کے ٹائمز سکوائر پر سیکڑوں مظاہرین کے ہجوم نے ٹائمز سکوائر پر ایک جھنڈا لہرایا۔

سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں سیکڑوں افراد جمع ہوئے، جنہوں نے یوکرین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور ’پیس فار یوکرین‘کے نعرے لگا رہے تھے۔

ایتھنز میں یونان کی یوکرینی کمیونٹی کے درجنوں افراد نے احتجاج کیا۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈ کوارٹر کے سامنے احتجاج کیا گیا۔

اس کے علاوہ بیروت، تل ابیب، ڈبلن اور پراگ میں بھی احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے۔

امریکی شہروں ہیوسٹن، ڈینور میں بھی احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بھی جمعرات کے روز یوکرینی باشندوں نے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور روسی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فوری طو رپر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts