لاہور (جدوجہد رپورٹ) ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ (آر ایس ایف) راولپنڈی/اسلام آباد نے ’کارروانِ انقلاب طلبہ کنونشن‘ 29 اکتوبر کو راولپنڈی پریس کلب لیاقت باغ میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان آر ایس ایف راولپنڈی اسلام آباد کے مرکزی دفتر 6th روڈ راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت آر ایس ایف شمالی پنجاب کے آرگنائزر عمر عبداللہ خان نے کی۔ اجلاس میں درجنوں مرد و خواتین کارکنان نے شرکت کی۔
اجلاس میں کنونشن کے انعقاد کیلئے معیظ اختر اور عبدالرحمان کی سربراہی میں آرگنائزنگ کمیٹی قائم کی گئی، کمیٹی کے دیگر اراکین میں امجد سلیم، حمزہ علی، عروبہ ممتاز، مقدس مشتاق، راجیش کمار، عاشر کریم، لقمان، آسام الدین اور عامر خان شامل ہونگے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ خان نے کہا کہ آر ایس ایف کا یہ کنونشن طلبہ حقوق کی جدوجہد اور سرمایہ دارانہ جبر و استحصال کے خلاف جدوجہد میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
انکا کہنا تھا کہ بڑھتی مہنگائی، فیسوں میں اضافہ، تعلیمی اداروں میں آئے روز ہراسمنٹ کے بڑھتے ہوئے واقعات معمول بن چکے ہیں اور ایسے دیگر مسائل کا سدباب اسی صورت میں ممکن ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین پر پابندی کو ختم کیا جائے۔ 1984ء میں جنرل ضیا کے دور سے طلبہ یونین پر پابندی عائدہے جو تاحال برقرار ہے۔ اس کی 2 بنیادی وجوہات ہیں ایک یہ کہ مندرجہ بالا مسائل کے خلاف اگر کوئی طاقت رکاوٹ بن سکتی تو وہ طلبہ یونینیں ہیں، اور دوسری یہ کہ طلبہ یونین ہی تھی، جہاں سے عام متوسط اور غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو قیادت کے مواقع فراہم ہوتے تھے۔ یہ قیادتیں حکمران طبقات کی مزدور، طلبہ اورکسان دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرتی تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ حکمران طبقات نے ان نرسریوں کو ہی ختم کر دیا، جو ان کی چیرہ دستیوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن سکتی تھیں۔
عمر عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ 29 اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ راولپنڈی پریس کلب لیاقت باغ میں منعقد ہونے والا آر ایس ایف کا کنونشن حکمران طبقات کو یہ پیغام دے گا کہ اگر حکمران طبقات اپنے مفادات کے لئے اکٹھے ہو سکتے ہیں،تو یہاں کہ طلبہ اپنے مسائل کے لئے تمام تر تعصبات سے بالا تر ہو کر اکٹھے ضرور ہوں گے۔
انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد کی تمام جامعات، کالجوں اورنجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات سے اپیل کی کہ وہ اس کنونشن میں بھرپورشرکت کریں اور اپنے مسائل کے حل کیلئے عملی جدوجہد کا حصہ بنیں۔