لاہور (جدوجہد رپورٹ) ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) نے کہا ہے کہ خشک سالی سے لے کر بڑے پیمانے پر سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں کے دیگر اثرات پر مبنی شدید موسمی واقعات ایشیا میں بڑھ رہے ہیں۔ یہ واقعات خوراک اور ماحولیاتی نظام کو متاثر کر رہے ہیں۔
’ٹربیون‘ کے مطابق جمعرات کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں ڈبلیو ایم او نے کہا کہ ایشیا دنیا کا سب سے زیادہ آفات سے متاثرہ خطہ ہے، جہاں گزشتہ سال موسم، آب و ہوا اور پانی سے متعلق 81 آفات ریکارڈ کی گئیں، جن میں سے زیادہ تر سیلاب اور طوفان تھے۔
رپورٹ کے مطابق ان آفات نے 50 ملین سے زیادہ افراد کو براہ راست متاثر کیا ہے اور 5000 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔
پاکستان میں مون سون کی ریکارڈ بارشوں سے آنے والے سیلاب اور گلیشیئر پگھلنے سے 1500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، ملک کے بڑے حصے میں پانی بھر گیا اور مکانات سمیت نقل و حمل کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا۔
دوسری طرف چین میں خشک سالی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی اور پانی کی دستیابی متاثر ہوئی۔
رپورٹ میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ 2022ء میں گرم اور خشک حالات کے نتیجے میں ہائی ماؤنڈین ایشیا کے علاقے میں زیادہ تر گلیشیئرز کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔