لاہور (جدوجہد رپورٹ) کیوبا نے امریکہ کی طرف سے اس کے صحت عامہ کے لئے چلنے والے تعاون پر مبنی پروگرام کے خلاف پراپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 1964ء سے 400000 کیوبن ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس 164 ممالک میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
امریکہ نے ”پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن“ نامی تنظیم کی بیرونی کارکردگی رپورٹ کروانے کے لئے یہ کہہ کر دباو ڈالا کہ اگر یہ رپورٹ تیار نہ کرائی گئی تو وہ پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن کے ایر اہتمام برازیل میں چلنے والے پروگرام ”مور ڈاکٹرز“ کی امداد بندکر دے گا۔
اس پروگرام کے تحت 2013-18ء کے درمیان کیوبا کے 8000 ہیلتھ ورکرز نے برازیل میں خدمات سر انجام دیں لیکن جب وہاں ایک دائیں بازو کی حکومت بنی تو ان ڈاکٹروں اور نرسوں کے لئے کام کرنا ممکن نہ رہا اس لئے کیوبا نے انہیں واپس بلا لیا۔
ایک بیان میں برازیل کے رائٹ ونگ صدر جیر بولسونارو نے ان ڈاکٹرز کو ”آمریت“ کے غلام قرار دیا تھا۔
کیوبا کا خیال ہے کہ پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن کی بیرونی اویلیوایشن کی مدد سے امریکہ ”مور داکٹرز“نامی پروگرام کو غیر قانونی ثابت کرنا چاہتا ہے تا کہ کیوبا کے عالمی تعاون پر انگلی اٹھائی جا سکے۔