خبریں/تبصرے

73 فیصد خواتین صحافیوں کو ’آن لائن‘ ہراساں کیا گیا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) کے ایک سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ 73 فیصد خواتین صحافیوں کو آن لائن ہراساں کیا گیا ہے اور ان میں سے بیشتر کو جنسی تشدد کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

125 ممالک کی 1210 خواتین صحافیوں پر مبنی اس سروے کے دوران معلوم ہوا ہے کہ 18 فیصد خواتین کو جنسی تشدد کی دھمکیاں دی گئیں اور 20 فیصد خواتین کو آن لائن حراسگی کا سامنا کرنا پڑا۔ سروے میں شامل 30 فیصد خواتین نے تشدد کے خدشے کے باعث سیلف سنسرشپ کی جبکہ 26 فیصد نے بتایا کہ انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

سروے کے مطابق صنف کی وجہ سے 47فیصد، سیاست اور انتخابات کی وجہ سے 44 فیصد اور انسانی حقوق اور سماجی پالیسیوں کی وجہ سے 31 فیصد صحافیوں کو ہراساں کئے جانے اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

تقریباً 15 فیصد صحافیوں نے تصاویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ، چوری کی گئی تصاویر اور بغیر اجازت ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کئے جانے کی شکایت کی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts