لاہور (جدوجہد رپورٹ) امریکا اور جوہری ریاستوں کی شدید مخالفت کے باوجود جوہری ہتھیاروں کی ممانعت کا عالمی معاہدہ (ٹی پی این ڈبلیو) نافذ العمل ہو گیا ہے۔ جوہری ہتھیاروں کی ممانعت کا یہ عالمی معاہدہ 22 جنوری سے نافذ ہوا ہے۔ اس معاہدہ کی پچاس سے زیادہ ممالک توثیق کی ہے جن میں سے 21 ممالک لاطینی امریکہ اور کیریبین جزائر سے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے 50 ریاستوں کی تعریف کی اور مذاکرات کو آسان بنانے اور توثیق کیلئے آگے بڑھانے میں سول سوسائٹی اراکین کو بھی سلام پیش کیا۔ انکا کہنا تھا کہ ”اس معاہدے کے عمل میں آنے سے جوہری ہتھیاروں کے کسی بھی طرح کے استعمال سے ہونے والے تباہ کن، انسانیت سوز اثرات کی طرف توجہ مبذول کروانے کیلئے ایک تحریک کا آغاز ہوا ہے۔ جوہری دھماکوں اور تجربات سے اجتناب کیلئے اس معاہدے کی وکالت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے“۔