شاعری

خراب ٹی وی سے اکتائے ہوئے لوگ

فاروق سلہریا

میرا ٹی وی خراب ہو گیا ہے

صدیوں سالوں بعد

مجھے اب ٹی وی دیکھنے کی فرصت ملی تھی

لیکن!

میرا ٹی وی خراب ہوا پڑا ہے

اس کے ہر فریم میں کتے گھس آئے ہیں

میں نے چینل بدل کر بھی دیکھ لیا ہے

چینل بدلنے سے

سپلٹ فریم اور لوگو بدل جاتے ہیں

چینل بدلنے سے کتے بدل جاتے ہیں

مگر…

کتوں کی گھس بیٹھ جاری رہتی ہے

میرے ٹی وی پر بھونکنے کی کیفیت طاری رہتی ہے

 

میں نے مکینک بھی بلایا تھا

مکینک مجھے یہ دلاسہ دے کر چلا گیا

کہ میرے ٹی وی میں کتے کسی چوکیدار نے چھوڑے ہیں

 

میں اپنے ٹی وی پر وہ ہاکی میچ دیکھنا چاہتا ہوں

جن میں فلائنگ ہارس گیند سے بھی آگے نکل جاتا تھا

میں وہ ڈرامہ سیریل دیکھنا چاہتا ہوں

جس کی آخری قسط میں ش شیخ کو دیکھ کر

میں مبہوت ہو گیا تھا

کہ کوئی اس قدر حسین کیسے ہو سکتا ہے!

 

میں پھر سے ہاکی میچ دیکھنا چاہتا ہوں

میں پھر سے ش شیخ کو دیکھ کر مبہوت ہو جانا چاہتا ہوں

مگر میرا ٹی وی خراب پڑا ہے

اس کے ہر چینل میں کتے گھس آئے ہیں!

Farooq Sulehria
+ posts

فاروق سلہریا روزنامہ جدوجہد کے شریک مدیر ہیں۔ گذشتہ پچیس سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ ماضی میں روزنامہ دی نیوز، دی نیشن، دی فرنٹئیر پوسٹ اور روزنامہ پاکستان میں کام کرنے کے علاوہ ہفت روزہ مزدور جدوجہد اور ویو پوائنٹ (آن لائن) کے مدیر بھی رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔