خبریں/تبصرے

نائیجیریا: مسلح افراد کا سکول پر حملہ، 27 طلبہ اور عملے کے افراد اغوا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) نامعلوم مسلح افراد نے نائیجیریا کی نائیجر ریاست میں ایک سیکنڈری سکول پر حملہ کر کے 27 طلبہ، سکول عملے اور انکے خاندان کے افراد کو اغوا کر لیا ہے۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقامی رہائشی افراد نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے صبح 2 بجے کے لگ بھگ ضلع کاگارا کے سرکاری سائنس سکول پر دھاوا بول دیا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے کا ذمہ دار کون تھا۔

اس کے بعد ریاستی گورنر نے علاقے میں بورڈنگ سکولوں کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ شمالی نائیجیریا میں عسکریت پسند بوکوحرام اور دولت اسلامیہ کی ایک شاخ سرگرم عمل ہے۔ تاہم تاوان کیلئے اغوا کاری کرنے والے دیگر مسلح گروپ بھی سرگرم عمل ہیں۔

واضح رہے کہ نائیجیریا میں مسلح افراد نے دو ماہ قبل شمال مغربی ریاست کاتسینا میں ایک سکول میں حملہ کیا تھا اور تقریباً 350 طلبہ کو اغوا کر لیا تھا۔ اغوا کئے گئے طلبہ کو سکیورٹی فورسز نے بازیاب کروا لیا تھا۔ 2014ء میں نائیجیریا کے قصبہ چیبوک سے بوکوحرام نے سکول کی 100 طالبات کو اغوا کر لیا تھا جو تاحال لاپتہ ہیں۔

تشدد اور عدم تحفظ نے افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک نائیجیریا میں شہریوں کو درپیش معاشی مسائل کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔ نائیجیریا کورونا وائرس کی وبا کے دوران تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے محصولات کی کمی اور شدید معاشی مسائل سے دوچار ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts