خبریں/تبصرے

دنیا کی دوسری بڑی فوج کی 2 عسکریت پسندوں سے 3 روزہ جنگ، ایک محلہ خاکستر

لاہور (جدوجہد رپورٹ) بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں دنیا کی دوسری بڑی فوج نے 2 عسکریت پسندوں کے ساتھ 3 روزہ جنگ لڑتے ہوئے ایک محلے کو بارود سے خاکستر کر دیا۔ 3 روزہ جھڑپ منگل کی دوپہر کو اس وقت ختم ہوئی جب نصف درجن مکانات، مویشیوں کے باڑے اور درجنوں مویشیوں سمیت مارٹر گولوں کے ذریعے جلا کر خاکستر کر دیئے گئے، جس کے نتیجے میں ولایت لون اور جہانگیر احمد نامی 2 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا اعلان کیا گیا۔

2 مسلح عسکریت پسندوں کے خلاف اس جھڑپ کے دوران 3 روز تک وسیع علاقے کو فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں نے محاصرے میں رکھا۔ جھڑپ کے دوران کئی رہائشی مکانات، مویشی باڑے اور دوسری املاک خاکستر ہو گئیں، درجنوں جانور بھی جل کر ہلاک ہو گئے۔

مقامی صحافیوں کے مطابق تصادم کے دوران شدید فائرنگ کی گئی اور مارٹر گولوں کا استعمال کیا گیا۔ جھڑپ کے بعد مقامی لوگوں نے حکومت مخالف مظاہرے کیے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آہنی چھروں اور اشک آور گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجہ میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 30 سالوں کے دوران بھارتی زیر انتظام جموں کشمیر میں عسکریت پسندوں اور بھارتی فوج کے درمیان ہونے والے تصادم میں سینکڑوں مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔ ایک مقامی تاجر نے بی بی سی سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ایسی جھڑپوں میں عام لوگوں کی جائیدادوں اور مکانات کو پہنچنے والے نقصان کا کوئی معاوضہ نہیں ادا کیا جاتا۔ بھارتی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اب بھی کشمیر میں کم از کم 200 عسکریت پسند سرگرم ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts