اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خواتین سے متعلق توہین آمیز ریمارکس پر معافی مانگنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ آج اسلام آباد میں سول سوسائٹی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ مظاہرین وزیراعظم عمران خان سے خواتین سے متعلق دیئے گئے ریمارکس واپس لینے اور معافی معانگنے کا مطالبہ کریں گے۔
بائیں بازو کی رہنما فرزانہ باری کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ”جمعرات کے روز سہ پہر 4 بجے اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا ہے۔ احتجاج کے ذریعے وزیراعظم عمران خان سے خواتین سے متعلق توہین آمیز ریمارکس پر معافی معانگنے کا مطالبہ کیاجائیگا۔“
انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور خواتین کے خلاف کئے گئے متعصبانہ اقدام کی مذمت کریں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان میں جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے جرائم کی بنیادی وجہ فحاشی اور بے پردگی کو قرار دیتے ہوئے یہ کہا تھا کہ اگر خواتین پردہ کریں گی تو ان جرائم میں کمی ہو سکتی ہے۔