خبریں/تبصرے

ایس او پیز کی خلاف ورزی: نارویجن وزیر اعظم کو جرمانہ مگر عمران خان قانون سے بالاتر

لاہور (نامہ نگار) کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے نافذ قوانین کی خلاف ورزی پر وزیراعظم پاکستان کو استثنیٰ حاصل ہے لیکن یورپی ملک ناروے کی وزیراعظم ایرنا سولبرگ کو 2 ہزار 352 ڈالر مالیت کا جرمانہ عائد کیاگیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان قانون کے آگے سب کے برابر ہونے، امیر اور غریب کو قانون کے آگے برابر سمجھے جانے کیلئے اصلاحات کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن خود وہ ہر قانون اور ضابطے سے مستثنیٰ ہیں۔ گزشتہ عید الفطر پر وزیر اعظم عمران خان نے این سی او سی کی طرف سے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے جانے پر پابندی عائد کئے جانے اور تمام ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز کو بند کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خاندان کے ہمراہ عید سیاحتی مقام نتھیا گلی میں گزاری۔ ’جیو نیوز‘ کے مطابق وزیراعظم عید الفطر سے ایک روز قبل ہی نتھیا گلی پہنچ گئے تھے اور عید کی تعطیلات انہو ں نے فیملی کے ہمراہ وہیں گزاریں، تاہم اس دوران کوئی سیاسی سرگرمی نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ این سی او سی کی طرف سے 8 مئی سے 16 مئی تک پاکستان بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا تھا۔ اس دوران تمام سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی اور سرکاری اور نجی ریسٹ ہاؤسز اور ہوٹلز وغیرہ کو بھی بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔ ان احکامات کی خلاف ورزی کی صورت ویسٹ پاکستان ایپی ڈیمک ڈیزیز ایکٹ کے تحت قید، جرمانے اور حفاظتی تحویل میں لینے جیسی سزائیں دی جاتی ہیں۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد تاجروں اور شہریوں کو گرفتاریوں اور جرمانوں کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے، لیکن وزیراعظم پاکستان سمیت تمام طاقتور اشرافیہ ان قوانین اور پابندیوں سے مستثنیٰ رہی ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے سیاحتی مقام پر عید الفطر کی تعطیلات گزارنے کے عمل سے یہ واضح کیا ہے کہ اس ملک میں طاقتور اور کمزور قانون کے سامنے برابر نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اپریل میں ناروے کی وزیراعظم ایرنا سولبرگ کو نارویجن پولیس نے کورونا وائرس سے متعلقہ سماجی وقفے کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 2 ہزار 352 ڈالر جرمانہ کیا تھا۔ وزیراعظم نے اپنی 60 ویں سالگرہ کی مختصر تقریب کا انعقاد کیا تھا جس میں ان کے 13 قریبی عزیز شریک ہوئے تھے جبکہ حکومتی پابندیوں کے تحت 10 افراد سے زائد کے اجتماع پر پابندی عائد تھی۔ رائٹرز کے مطابق ناروے کی وزیراعظم نے کورونا وائرس رولز کی خلاف ورزی کرنے پرمتعدد مرتبہ عوامی سطح پر معذرت کی اور جرمانہ بھی ادا کیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts