خبریں/تبصرے

مالی سال 2021-22ء: بجٹ کا ایک تہائی حصہ قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہو گا

راولاکوٹ (جدوجہد رپورٹ) پاکستان آئندہ مالی سال 2021-22ء کے قومی بجٹ کا ایک تہائی حصہ قرضوں کی ادائیگی پر خرچ کریگا۔ قرضوں کی اصل رقم اور سود کی ادائیگی سمیت ڈیٹ سروسنگ کی مد میں مجموعی طور پر 3.059 ہزار ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ یہ رقم مجموعی بجٹ 8.497 ہزار ارب روپے کے 36 فیصد کے برابر ہے۔

حکومت نے گزشتہ مالی سال میں 2.946 ہزار ارب روپے اس مد میں مختص کئے تھے جو بعد ازاں ترمیم کے بعد 2.850 ہزار ارب کر دیئے گئے تھے۔

مالی سال 2021-22ء کے دوران حکومت غیر ملکی قرضوں کی مد میں 302.506 ارب روپے ادا کریگی جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران 315.135 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جنہیں بعد ازاں ریوائز کر کے 239.568 ارب کر دیا گیا تھا۔

مالی سال 2021-22ء کے دوران داخلی قرضوں کی ادائیگی کی مد میں 2.575 ہزار ارب روپے بھی مختص کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران داخلی قرضوں کی ادائیگی کی مد میں 2.631 ہزار ارب مختص کئے گئے تھے جو بعد میں ریوائز کر کے 2.611 ہزار ارب کر دیئے گئے تھے۔

پاکستان کا عوامی قرضہ مارچ2021ء کے اختتام پر 38.006 ہزار ارب روپے تھا جبکہ جون 2020ء کے اختتام پر یہ 36.399 ہزار ارب روپے تھا۔ رواں مالی سال کے پہلے نو مہینوں کے دوران قرضے میں 1.607 ہزار ارب روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts