لاہور (جدوجہد رپورٹ) پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے افغان جنگ میں شامل طالبان اور دیگرگروہوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان عوام کے ووٹ کا احترام کریں۔ منگل کے روز جنوبی وزیرستان میں پشتون تحفظ موومنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے منظور پشتین کا کہنا تھا کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے، تمام مسائل پر بات چیت کی جانی چاہیے۔
مشال ریڈیو کے مطابق منظور پشتین کا کہنا تھا ”ایک افغانستان میں سڑکیں، پل، یونیورسٹیاں اور سکول بنائے گئے ہیں اور لوگ تعلیم حاصل کرتے ہیں، افغانستان کی سابقہ اور موجودہ حکومت عوام کے ووٹ لیکر آئی ہے اور آئندہ بھی حکومت عوام کے ووٹ سے بنائی جانی چاہیے۔ عوام کے ووٹ کے بغیر حکومت طاقت کے ذریعے بنے گی تو وہ حکومت مسئلے کا حل نہیں ہے۔ پی ٹی ایم چاہتی ہے کہ افغانستان میں حکومت صرف عوام کے ووٹ سے ہی بننی چاہیے۔ جنگ میں شامل تمام لوگوں سے مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ عوام کے ووٹ کو عزت دی جائے“۔
انہوں نے پاکستانی سکالرز اور سیاستدانوں سے بھی کہا کہ وہ افغان امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے علاقے میں سلامتی اور ترقی لانے کیلئے افغانستان اور پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کرنے کا اعلان بھی کیا اور حکومت پاکستان سے پشتونوں کے حقوق کے احترام کا مطالبہ بھی کیا۔
پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ نے پی ٹی ایم رہنما اور ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا اور بارودی سرنگوں کا علاقہ صاف کرنے اور جنگ کے دوران تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
پیپلزپارٹی رہنما فرحت اللہ بابر نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونوں کو ایک مرتبہ پھر جنگ میں دھکیلنے کی کوشش ہو رہی ہے، پشتونوں کو اس سے دور رہنا چاہیے۔
پی ٹی ایم کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کہ جتنے بھی طالبان ہیں خواہ وہ پاکستان میں ہوں یا افغانستان میں ہوں سب تشدد کے ذریعے اقتدار سنبھالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بھی افغان صدر اشرف غنی کی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا۔
پشتون تحفظ موومنٹ کے زیر اہتمام یہ اجتماع جنوبی وزیرستان میں منعقد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں پی ٹی ایم کے اراکین اور حمایتیوں نے شرکت کی۔ مشال ریڈیو کے مطابق اجتماع کے وقت انٹرنیٹ اور موبائل فون سگنل بند کر دیئے گئے تھے جبکہ 15 ہزار سے زائد افراد نے اس جلسہ میں شرکت کی۔
دریں اثنا سابق سینیٹر افراسیاب خٹک نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے پی ٹی ایم جلسہ کی پاکستانی میڈیا پرکوریج نہ ہونے کا شکوہ کیا۔ انکا کہنا تھا کہ ہزاروں پشتونوں نے افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور امن کیلئے جلسہ کا انعقاد کیا لیکن میڈیا نے کوئی کوریج نہیں دی۔