خبریں/تبصرے

لاہور: پاکستان کسان رابطہ کمیٹی اور ایشیائی عوام کی تحریک برائے قرضہ اور ترقی کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد

لاہور (جدوجہد رپورٹ) گذشتہ جمعرات پاکستان کسان رابطہ کمیٹی اور ایشیائی عوام کی تحریک برائے قرضہ اور ترقی(Asian People’s Movement on Debts and Developmet) کے زیر اہتمام جلو پارک، لاہور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا مقصد ایک طرف عوام میں ماحولیاتی آلودگی اور تغیرات بارے عوام کو آگاہی دینا تو دوسری طرف ٹوکیو اولمپکس کے موقع کی مناسبت سے ترقی یافتہ ممالک کو پیغام یا اپیل کرنا تھا کہ وہ ترقی پذیر ممالک اور خاص طور پر پاکستان میں ایسے تمام منصوبوں کو بالکل سپورٹ نہ کریں جو کہ ماحول دوست نہ ہوں۔

پاکستان کسان رابطہ کے جنرل سیکرٹری فاروق طارق نے شرکا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے شدید متاثر ہے۔آلودگی کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہونے والی موسمی تبدیلیوں سے ملکی زراعت کو شدید خطرات لاحق ہیں، طوفانی یا بے موسمی بارشوں کے پیش نظر سیلاب بھی آسکتے ہیں جو نہ صرف زرعی اجناس کی تباہی بلکہ بڑے پیمانے پر ذرائع نقل و حمل، املاک،مال مویشیوں اور مالی نقصانات کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں۔

ساہیوال کول پاور پلانٹ کا خاص طور پرذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پلانٹ کے زہریلے دھوئیں سے گردونواح کے عوام بڑے پیمانے پر سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ترقی یافتہ دنیا اور پاکستانی عوام سے پر زور اپیل کرنے ہوئے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے لیے پٹرول، فرنس آئل، ڈیزل، کوئلے کے استعمال کی مذمت کی جائے اور متبادل کے طور پر ہوا، شمسی توانائی کے استعمال کی پرزور وکالت یا حمایت کی جائے۔ہوا اور شمسی ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی نہ صرف کم قیمت ہو گی بلکہ ماحول دوست بھی ہو گی۔

تقریب سے خالد ملک، صائمہ ضیاء،جلوت علی اورتجمل ڈھلوں نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں خواتین، بچے اور نوجوانوں کے علاوہ بزرگ شہریوں نے بھی شرکت کی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts