خبریں/تبصرے

افغانستان میں طالبان مخالف مظاہرے: بامیان میں ہزارہ رہنما کا مجسمہ مسمار

لاہور (جدوجہد رپورٹ) بامیان شہر میں طالبان نے ایک نامور طالبان مخالف جنگجو کا مجسمہ توڑ دیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ ہزارہ رہنما عبدالعلی مزاری کا مجسمہ کس نے تباہ کیا ہے۔ ایک شہری نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ علاقے میں طالبان کے کئی گروہ موجود ہیں۔

یاد رہے کہ بامیان وہی صوبہ ہے جہاں 2001ء میں طالبان نے گوتم بدھا کے قد آور مجسموں کو مسمار کر دیا تھا۔ اکثریتی شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والی ہزارہ برادری بھی ماضی میں طالبان کے نشانے پر رہی ہے۔

عبدلعلی مزاری کو نوے کی دہائی میں طالبان نے مذاکرات کے لئے بلایا اور گرفتار کر لیا۔ بعض دعووں کے مطابق طالبان نے انہیں ہیلی کاپٹر سے گرا کر ہلاک کیا۔

ادھر جلال آباد، خوست اور ننگرہار سمیت مختلف شہروں میں طالبان کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ ننگر ہار میں مظاہرین کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو بھی طالبان جنگجوؤں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی خبریں منظر عام پر آ رہی ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts