خبریں/تبصرے

طالبان نے 2 بھارتی قونصل خانے لوٹ لئے، گاڑیاں ضبط

لاہور (جدوجہد رپورٹ) طالبان نے تلاشی کا سلسلہ سفارتخانوں اور قونصل خانوں تک بھی بڑھا دیا ہے۔ بدھ کے روز افغانستان میں کم از کم 2 بھارتی قونصل خانوں میں طالبان داخل ہوئے اور دستاویزات کی تلاشی لینے کے علاوہ قونصل خانے میں کھڑی گاڑیاں چھین لیں۔

بھارتی حکومت نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ گروہ ان یقین دہانیوں کے خلاف کام کر رہا ہے جو اس کے رہنما دنیا کو کروا رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق طالبان نے قندھار اور ہیرات میں بند بھارتی قونصل خانوں میں توڑ پھوڑ بھی کی، قندھار میں قونصل خانے کی الماریوں کی تلاشی لی گئی اور دونوں قونصل خانوں میں کھڑی گاڑیاں بھی طالبان ساتھ لے گئے۔

ایک سینئر بھارتی افسر نے بھی مقامی میڈیا کے ساتھ گفتگو میں طالبان کے اس اقدام کی تصدیق کی۔ رواں ہفتے کے آغاز میں بھارت نے اپنے سفارتی عملے کو 2 سی 17 طیاروں کی مدد سے افغانستان سے نکال لیا تھا۔ افغانستان سے بھارتی سفیر کو بھی واپس بلا لیا گیا تھا۔ تاہم ایک ہزار سے زائد بھارتی شہری ابھی بھی افغانستان کے مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے قبل میں سفارتخانے کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں 4 قونصل خانے چلا رکھے تھے۔ قندھار اور ہیرات کے علاوہ مزار شریف میں بھی بھارتی قونصل خانہ موجود تھا۔ تاہم یہ قونصل خانے طالبان کے قبضے سے کچھ دن قبل ہی بند کر دیئے گئے تھے۔ کابل میں موجود سفارتخانہ سرکاری طورپر بند نہیں کیا گیا لیکن وہ مقامی عملہ کی مدد سے چلایا جا رہا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts