خبریں/تبصرے

ویمن کرکٹ پر پابندی: آسٹریلیا نے افغانستان سے سیریز منسوخ کر دی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) طالبان نے خواتین کو کرکٹ سمیت کسی بھی ایسے کھیل کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے جس میں چہرہ اور جسم ڈھکا ہوا نہ ہو۔ دوسری طرف آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے مردوں کی کرکٹ ٹیم سے شیڈول کرکٹ سیریز اس فیصلے کی وجہ سے منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

افغانستان کی عبوری حکومت میں تعینات ہونے والے نائب وزیر ثقافت احمد اللہ واثق نے گزشتہ روز آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا کھیلوں میں حصہ لینا نہ تو مناسب ہے اور نہ ہی ضروری ہے۔ مخالفین کے رد عمل کی وجہ سے اسلامی اقدار کو پامال نہیں کرینگے۔

انکا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینی چاہیے کیونکہ کرکٹ میں خواتین کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جہاں ان کا جسم اور چہرہ ڈھکا ہوا نہیں ہوتا اور یہ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ میڈیا کا دور ہے اور تمام لوگ تصاویر اور ویڈیوز دیکھتے ہیں، امارات اسلامی افغانستان خواتین کو کسی ایسے کھیل کی اجازت نہیں دیگی جس میں خواتین کا جسم نمایاں ہو۔

ادھر کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے بیان سامنے آیا ہے کہ اگر طالبان کے دور حکومت میں خواتین کو کھیل کی اجازت نہ ہو تو افغانستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز منسوخ کر دی جائیگی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ”عالمی سطح پر خواتین کی کرکٹ کی ترقی کیلئے اقدامات کرکٹ آسٹریلیا کیلئے ناقابل یقین حد تک اہمیت رکھتے ہیں۔ کرکٹ کیلئے ہمارا ویژن ہے کہ یہ سب کیلئے ایک کھیل ہے اور ہم ہر سطح پر خواتین کیلئے اس کھیل کی غیر واضح حمایت کرتے ہیں۔“

بیان میں کہا گیا کہ اگر افغانستان میں خواتین کی کرکٹ کی حمایت نہیں کی جائیگی تو کرکٹ آسٹریلیا ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے مجوزہ ٹیسٹ میچ کیلئے افغانستان کی میزبانی نہ کرنے کے علاوہ کوئی متبادل نہیں ہو گا۔

آسٹریلوی کرکٹرز ایسوسی ایشن نے بھی کرکٹ آسٹریلیا کے موقف کی تائید کی ہے۔

دوسری طرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس معاملہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جلد اس حوالے سے لائحہ عمل دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts