خبریں/تبصرے

مغرب بھی عمران خان کو جانتا ہے: پینڈورا پیپرز اور پی ٹی آئی بارے نارویجن اخبار کی رپورٹ

ٹونی عثمان

عمران خان اکثر دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ جتنا مغرب کو جانتے ہیں اتنا کوئی نہیں جانتا۔ اب تو لگتا ہے کہ مغرب والے بھی عمران خان کو بہت جاننے لگے ہیں۔ دو دن قبل مغرب کے ایک امن پسند اور جمہوری ملک ناروے کے سب سے بڑے اور اہم روزنامہ ”آفتن پھوستن“ نے صفحہ اؤل پر وزیر اعظم عمران خان کی تصویر کے ساتھ سرخی لگائی ہے کہ ”انہوں نے کرپشن سکینڈل کے بعد اپنے ملک کیلئے نئے دور کا وعدہ کیا تھا اور اب ان کے اپنے ساتھی بے نقاب ہو گئے ہیں۔“

مذکورہ روزنامہ نے معیشت اور کاروباری خبروں کے اخبار ’E24‘ کا حوالہ دیا ہے، جس میں پنڈورا پیپرز کے مطابق عمران خان کے قریبی ساتھی اور متعدد فوجی افسر کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ’E24‘ نے اپنی خبر میں لکھا ہے کہ عمران خان جنہوں نے اپنی امیج کرپشن کے شکاری کی بنائی ہوئی ہے، 2018ء کے انتخابات میں فوجی اشرافیہ کی حمایت کی بدولت وزیر اعظم بنے، تب انہو ں نے اعلان کیا تھا کہ جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائیگی اور سرکاری اداروں کو اتنا مضبوط بنایا جائیگا کہ وہ کرپشن کو روک سکیں۔ اخبار کے مطابق اب پنڈورا پیپرز کے مطابق عمران خان کے اندرونی حلقوں میں اہم شخصیات کی خفیہ طور پر متعدد غیر ملکی کمپنیوں اور ٹرسٹوں کی ملکیت سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔

بے نقاب ہونے والوں میں ان کے وزرا، فیملی ممبران، پی ٹی آئی کو عطیات دینے والے افراد اور فوجی افسران شامل ہیں۔ خفیہ کمپنیوں کے مالکان میں ایک اہم نام وزیر خزانہ شوکت فیاض احمد ترین کا ہے۔ ایک اور اہم نام پی ٹی آئی کے ایک بڑے ڈونر عارف نقوی کا ہے۔

جدوجہد کے قارئین کو یہ بتاتے چلیں کہ 2016ء میں Business of Peace Honorees میں شرکت کیلئے عارف نقوی ناروے آئے تھے۔

’E24‘ کی خبر کے مطابق عارف نقوی اب برطانیہ میں مقیم ہیں اور امریکی حکام کو مطلوب ہیں کیونکہ ان پر امریکہ میں دھوکہ دہی کا الزام ہے۔ عمران خان کے قریبی سیاسی اتحادی، آبی وسائل کے وزیر چوہدری مونس الٰہی کا نام بھی پنڈورا پیپرز میں واضح طو رپر سامنے آیا ہے۔

ان دستاویزات میں ایسے بہت سے حوالے ہیں جن کے مطابق فوج کے لوگ مشکوک تجارت میں ملوث ہیں۔ مثال کے طور پر 2007ء میں ایک مشہور بھارتی فلم میکر کے بیٹے نے لندن میں ایک پرتعیش اپارٹمنٹ ایک پاکستانی تھری سٹار جنرل کی بیوی کے نام کیا۔ اسی فلم میکر کے بیٹے آمر پرویز مشرف سے بھی ملتے رہتے تھے تاکہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی ختم کروائی جا سکے۔

’E24‘ نے مزید لکھا کہ پاکستان کی پوری تاریخ میں فوج نے بار بار سویلین سیاستدانوں پر بدعنوانی اور نااہلی کا الزام عائد کیا ہے، یہاں تک کہ فوجی بغاوتوں کی جائز وجہ قرار دلوایا ہے، مگر پنڈورا پیپرز فوجی جرنیلوں کے دوغلے پن اور ان کی بدعنوانی کا منفرد ثبوت فراہم کرتے ہیں۔ عمران خان نے 2016ء میں پانامہ پیپرز کو خدا کا دین قرار دیا تھا اور اب 2021ء میں پنڈورا پیپرز نے عمران خان کے گرد بدعنوانی کے دائرہ کو بہت واضح کر دیا ہے۔

Toni Usman
+ posts

ٹونی عثمان اداکار، ہدایت کار اور ڈرامہ نویس ہیں۔ ’جدوجہد‘ کے پرانے ساتھی ہیں اور’مزدور جدوجہد‘ کے ادارتی بورڈ کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔