خبریں/تبصرے

’عنبرین فاطمہ پر حملہ احمد نورانی کی سٹوری کی وجہ سے نہیں ہوا‘

لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) معروف صحافی اسد علی طور نے دعویٰ کیا ہے کہ سینئر خاتون صحافی عنبرین فاطمہ پر حملہ ان کے خاونداور معروف صحافی احمد نورانی کی سٹوری کی وجہ سے نہیں ہوا ہے۔

اپنے وی لاگ میں انہوں نے کہا کہ ان کی عنبرین فاطمہ اور احمد نورانی سے بات ہوئی ہے۔ عنبرین فاطمہ پر یہ حملہ 3روز قبل ہوا تھا۔ حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور گاڑی کی فرنٹ سکرین پر ڈنڈے مار کرسکرین کو توڑا اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیکر فرار ہو گئے۔

اسد طور کے مطابق عنبرین فاطمہ نے گزشتہ عرصہ میں لکھے گئے اپنے مضامین میں شدت پسند تنظیموں کو نشانہ بھی بنایا تھا اور شدت پسند تنظیموں کی ریاستی سرپرستی پر بھی تنقید کی تھی۔

احمد نورانی نے بھی ٹویٹ میں یہ کہا ہے کہ ان کی سٹوری کے ساتھ اس معاملے کا تعلق نہ جوڑا جائے۔ وہ سٹوری پر قائم ہیں اور تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اسد طور کے مطابق احمد نورانی اور عنبرین فاطمہ کی شادی اب ختم ہو چکی ہے۔ اب عنبرین فاطمہ احمد نورانی کی اہلیہ نہیں ہیں، اس لئے یہ بھی ایک وجہ ہے کہ یہ حملہ احمد نورانی کی سٹوری کی وجہ سے نہیں ہوا۔

انہوں نے اس حملہ کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس طرح کے حملوں کے پیچھے ہمیشہ کی طرح وہی نامعلوم ہیں جو سب کو اب معلوم ہو چکے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts