خبریں/تبصرے

پی ٹی ایم کا کوئٹہ جلسہ: منظور پشتین سمیت 10 رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج

لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین سمیت 10 پی ٹی ایم رہنماؤں کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر نمبر 216/21 زیر دفعات 121، 123A، 153A، 269، 270، 278، 341، 121، 3-4 لاؤڈ سپیکر ایکٹ میں منظور پشتین کے علاوہ نور باچا، ملک مجید کاکڑ، خوشحال خان کاکڑ، ملا بہرام، زبیر شاہ، رشیدہ ناصر، نور اللہ ترین، عمر خان اور اصغر اچکزئی کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق یہ جلسہ ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کیا گیا تھا، شرکا کے ہاتھوں میں افغانستان کے جھنڈے موجود تھے، سٹیج سے اشتعال انگیز تقاریر کی گئیں، پاکستان اور سلامتی کے اداروں کے خلاف اشتعال، توہین و نفرت انگیز تقاریر کرتے ہوئے شرکا جلسہ کو اشتعال دلا کر قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف نعرے لگوائے گئے۔

متن کے مطابق بغیر این او سی جلسہ کر کے کورونا ایس او پیز کی بھی خلاف ورزی کی گئی اور سکیورٹی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور نفرت انگیز تقاریر کر کے شرکا کو اشتعال دلوا کر اور ہاکی چوک سے چاروں اطراف سے آنے والی ٹریفک اور پیدل اشخاص کا راستہ روک کر شرکا نے متذکرہ بالا جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی ایم کے رہنماؤں نے ممبر قومی اسمبلی علی وزیر اور دیگر رہنماؤں کی رہائی اور دیگرمطالبات کے حصول کیلئے کوئٹہ میں جلسہ منعقد کیا تھا۔ جلسہ میں پی ٹی ایم قائدین کے علاوہ کثیر تعداد میں کارکنان نے شرکت کی تھی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts