خبریں/تبصرے

علی وزیر کی درخواست ضمانت پھر موخر

کراچی (جدوجہد رپورٹ) جنوبی وزیرستان سے ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت پر سماعت 28 دسمبر تک موخر کر دی گئی ہے۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں زیر سماعت اس مقدمہ میں دیگر تمام ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں۔ تاہم علی وزیر ایک سال سے جیل میں ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے علی وزیر کی ایک مقدمہ میں درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم علی وزیر کی رہائی دوسرے مقدمہ کی وجہ سے عمل میں نہیں لائی جا سکی تھی۔ 10 دسمبر کو مذکورہ مقدمہ کی سماعت 15 دسمبر تک موخر کی گئی تھی، تاہم گزشتہ روز سماعت رواں ماہ کی 28 تاریخ تک موخر کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ علی وزیر کو آج 16 دسمبر کو گرفتار ہوئے ایک سال مکمل ہو جائے گا، انہیں گزشتہ سال 16 دسمبر کو پشاور سے گرفتار کر کے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔ ایک سال سے جیل میں رہنے کے دوران انکی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت مختلف حیلے بہانوں سے موخر ہوتی رہی اور تاخیری حربے استعمال کئے جاتے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ سے ضمانت کی منظوری کے باوجود علی وزیر تاحال جیل میں ہیں اور اپنے حلقہ کے عوام کی نمائندگی کرنے سے محروم ہیں۔

ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ اور خوشحال خان خٹک نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی وزیر کی گرفتاری کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔ انکی ضمانت کی درخواست پر تاخیری حربے اپنائے جا رہے ہیں۔ مقدمہ میں مطلوب تمام افراد کی ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں اور جان بوجھ کر علی وزیر کو حلقہ کے عوام کی نمائندگی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ جنوبی وزیرستان کے لوگ ایک سال سے پارلیمنٹ میں نمائندگی سے محروم ہیں۔ انکا منتخب کردہ نمائندہ جیل میں ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts