لاہور (جدوجہد رپورٹ) ممبر قومی اسمبلی اور پی ٹی ایم رہنما علی وزیر کی گرفتاری کے خلاف ان کے آبائی شہر وانا میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیااور علی وزیر کو فی الفور غیر مشروط رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
جمعہ کے روز صبح 9 بجے منعقد کئے گئے احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے سیاہ رنگ کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور احتجاج کے بینروں میں علی وزیر کی رہائی کے مطالبات درج تھے۔ یہ احتجاج اہل جنوبی وزیرستان این اے 50 کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ علی وزیر گزشتہ 9 ماہ سے کراچی جیل میں پابند سلاسل ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال دسمبر میں کراچی میں غیر قانونی جلسہ منعقد کیا اور وہاں قومی اداروں کے خلاف تقاریر کی۔
جیل میں علی وزیر کی صحت کی خرابی پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ایم این اے محسن داوڑ سمیت متعدد رہنماؤں نے علی وزیر کی وہیل چیئر پر عدالت پیشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مناسب علاج معالجے کی سہولیات فراہم نہ کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ علی وزیر کو علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔