خبریں/تبصرے

پی این اے: ”ریاست جموں کشمیر چھوڑ دو تحریک“ کا آغاز،راولپنڈی سمیت کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے، ہزاروں افراد کی شرکت

کشمیر (حارث قدیر) پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں ترقی پسند اور قوم پرست تنظیموں پر مشتمل پیپلز نیشنل الائنس کے زیر اہتمام ”جموں کشمیر چھوڑ دو تحریک“ کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں 26 اگست بروز پیر  پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ضلعی اورتحصیل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ پاکستانی شہر راولپنڈی میں بھی احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے۔ جن میں ہزاروں کی تعداد میں سیاسی کارکنوں اور عام شہریوں نے شرکت کرتے ہوئے پیپلز نیشنل الائنس کی جانب سے شروع کی گئی تحریک پربھرپوراعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پیرکے روز مظفرآباد، راولاکوٹ، میرپور، کوٹلی، باغ، سدھنوتی، بھمبر، ہجیرہ، عباسپور، راولپنڈی اور دیگر مقامات پراحتجاجی ریلیاں اور جلسے منعقد کئے گئے۔ 3ستمبر کو مظفرآبادکے مقام پر پی این اے کے آئندہ اجلاس میں تحریک کے مستقبل کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائیگا۔

راولاکوٹ

تحریک کا سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ راولاکوٹ میں منعقد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں اور سیاسی کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بھارتی زیر انتظام کشمیر میں کرفیو، پابندیوں، فوجی جبر اور آئینی اور سیاسی حقوق چھینے جانے کے عمل کی مذمت کرتے ہوئے مزاحمت کرنے والے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ غیر ملکی افواج کے جموں کشمیر کے تمام علاقوں سے انخلا، سیاسی اسیران کی رہائی، آئین ساز اسمبلیوں کے قیام سمیت کشمیر کی مکمل آزادی وخودمختاری کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور مظاہرین نے پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں ملازمین کے خلاف ہونے والی انتقامی کارروائیوں کی بھی مذمت کی۔

مظاہرین نے شہر کا چکر لگانے کے بعد نالہ بازار راولاکوٹ میں احتجاجی جلسہ کیا۔ جلسہ سے چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ، رہنما لبریشن فرنٹ (رؤف) خلیل احمد حبیب، رہنما جے کے پی این پی عمران شان، صدر سروراجیہ انقلابی پارٹی فاروق حسین صابر، ضلعی صدر نیشنل عوامی پارٹی ذوالفقار عارف، رہنما جے کے این ایس ایف خلیل بابر، رہنما لبریشن فرنٹ (یاسین) ایس ایم ابراہیم، رہنما نیپ اظہر کاشر، تاجر رہنما عمر نذیر کشمیری، ساجد اعظم، کاشف عباس، امتیاز اکبر ایڈووکیٹ، نعیم ناز، یاسر یونس، طارق عزیز اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ جلسہ کے اختتام پر قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں تمام افراد نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

مظفرآباد

دوسرا مظاہرہ مظفرآباد میں منعقد کیا گیا۔ سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کے سامنے سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ترقی پسند اور قوم پرست رجحانات نے شرکت کی۔ سینکڑوں مرد و خواتین پر مشتمل ریلی مختلف شہراہوں سے ہوتی ہوئی دومیل یو این ملٹری آبزرویشن دفتر پہنچی جہاں پر ’پی این اے‘ کی قیادت نے کشمیر میں جاری ریاستی جبر کے حوالہ سے ایک کرارداد پیش کرنی تھی لیکن یو این او کے کوئی بھی نمائندہ اپنے دفتر سے باہر نہیں آیا اور احتجاجی نمائندوں نے احتجاجی طور پر قرارداد کو جلا دیا۔ دوران ِریلی کشمیر کی آزادی، کشمیر سے پاکستانی اور ہندوستانی افواج کے انخلا اور انقلاب کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ ریلی یو این آفس سے واپس پریس کلب پہنچی جہاں پر پیپلز نیشنل الائنس کے جنرل سیکرٹری لیاقت حیات نے خطاب کیا۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں پیپلز نیشنل الائنس کے زیر اہتمام ریاست جموں کشمیر کی تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور ریاست میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کیخلاف راولپنڈی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر گلگت بلتستان سمیت ریاست کے تمام حصوں میں اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کو بحال کرو، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرو، بھارتی کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیاسی اسیران کو رہا کرو، ریاست کی مذہبی بنیادوں پر تقسیم نا منظور اور مسئلہ کشمیر کا ایک ہی حل”ریاست جموں کشمیر کو چھوڑ دو“ جیسے نعرے درج تھے۔

احتجاج کے آخر میں قراردادوں کی صورت میں پی این اے کے مطالبات بھی پیش کئے گئے۔ مظاہرین سے شفقت انقلابی، نثار شاہ ایڈووکیٹ، سردار انور ایڈوکیٹ، ساجد کاشرایڈووکیٹ، کامران نصیر، فہد زرین، آصف رشید، شہریار خان، ذیشان عنایت، رئیس، فرخ شاہین، حافظ عبید، نعمان، پروفیسر خلیق، چنگیز ملک اور ریحانہ نے خطاب کیا۔

کوٹلی

کوٹلی میں پی این اے کے زیر اہتمام ”ریاست جموں کشمیر چھوڑ دو تحریک“ کے سلسلے میں احتجاجی ریلی ڈگری کالج گراؤنڈ سے شروع ہوئی اور شہید چوک میں جلسہ عام کا انعقاد کیاگیا۔ جلسہ سے لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، نیشنل عوامی پارٹی کے سردار نیاز، ایس ایل ایف کے چیئرمین راجہ عابد، وقاص خالق، ریاض چانڈیو، خلیق بیگ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

پلندری

ضلع سدھنوتی کے صدر مقام پلندری میں پی این اے کے زیر اہتمام ”ریاست جموں کشمیر چھوڑ دو تحریک کے سلسلہ میں احتجاجی ریلی منعقد کی گئی۔ مرکزی چوک میں احتجاجی جلسہ کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ جلسہ سے لبریشن فرنٹ (رؤف) کے سپریم ہیڈ سردار رؤف کشمیری، سروراجیہ انقلابی پارٹی کے جنرل سیکرٹری سجاد افضل، این ایس ایف کے مرکزی سیکرٹری جنرل یاسر حنیف، یاسین انجم، عرفان قیوم، شاہزیب اختر، ڈاکٹر نجیب اللہ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ پروگرام کے آخرمیں قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں حاضرین نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

ہجیرہ

پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ضلع پونچھ کے تحصیل ہیڈکوارٹرہجیرہ میں بھی پیپلز نیشنل الائنس(پی این اے) کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کالج گراؤنڈ سے شروع ہوئی اور شہر کا چکر لگانے کے بعد مرکزی چوک میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلسہ سے انصار احمد، واجد علی واجد، ملک الیاس، سکندر علی قمر، اعجاز ایڈووکیٹ، ملک ذوالفقار، ساجد محمود اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

باغ

پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ضلع باغ میں پیپلز نیشنل الائنس کے زیر اہتمام ”ریاست جموں کشمیر چھوڑ دو تحریک“ کے سلسلہ میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ڈگری کالج گراؤنڈ سے شروع ہونے والی احتجاجی ریلی باغ شہر کے مرکزی چوک میں جلسہ کی شکل اختیار کر گئی، جلسہ سے جہانگیر مرزا، عثمان کاشر، عمر عباسی، عبدالستار ایڈووکیٹ، تیمور، افضل کشمیری، آصف الیاس اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

میرپور

پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ڈویژنل ہیڈکوارٹر میرپورمیں بھی پی این اے کے زیر اہتمام ریاست جموں کشمیر چھوڑ دو تحریک کے سلسلہ میں احتجاجی ریلی اور جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ شہیدچوک میں منعقدہ احتجاجی جلسہ سے ذوالفقاراحمد راجہ ایڈووکیٹ، رضوان کرامت اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

بھمبر

پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ضلعی صدر مقام بھمبر میں بھی پی این اے کے زیر اہتمام ریاست جموں کشمیر چھوڑ دو تحریک کے سلسلہ میں احتجاجی ریلی اور جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ جلسہ سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے پی این اے کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کو منظم کرنے اور حقیقی آزادی کی منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts