لاہور (ناصر اقبال) پاکستان بھٹہ مزدور یونین چار اضلاع میں یومِ مئی کی تقریبات کا اہتمام کرے گی۔ جبری مشقت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ محمود بٹ مرحوم کا انقلابی سوشلسٹ مشن جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز بھٹہ مزدور یونین کے رہنمائوں نے کیا۔
پاکستان بھٹہ مزدور یونین کی قیادت کا ایک اہم اجلاس مورخہ 26 اپریل کو لاہور میں یونین کے صدر بابا جان مسیح کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں پنجاب کے سات اضلاع لاہور، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور منڈی بہالدین سے بھٹہ مزدور رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں عوامی ورکرز پارٹی کے ترجمان فاروق طارق، مزدور رہنما نیاز خان، ناصر اقبال، بزرگ مزدور رہنما یوسف بلوچ کے علاوہ 19 فروری 2019ء کو وفات پانے والے یونین کے جنرل سیکرٹری محمود بٹ کی تین بیٹیوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونین کے نو منتخب جنرل سیکرٹری محمد شبیر نے کہا کہ بھٹہ مالکان نہ تو محنت کشوں کو پورا ریٹ ادا کرتے ہیں اور نہ ہی وہ انہیں آزادانہ طور پر کام کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ بانڈڈ لیبر (جبری مشقت) ابھی بھی بھٹوں پر کام کرتی ہے۔ بھٹہ مزدور پاکستان میں سب سے زیادہ استحصال کا شکار ہیں۔ ہماری یونین ان ایشوز پر مالکان کا سامنا کرتی ہے اور ان کے حل کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
نیاز خان نے کہا کہ تمام مزدور باقاعدگی سے یونین کو چندہ دیں۔ جو چندہ نہیں دے سکتا وہ یونین کے لئے کیا کام کرے گا؟ انہوں نے بھٹہ یونین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
اجلاس سے منظوراں بی بی اور ساجدہ بی بی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مزدور عورتوں کو یونین میں شامل کرنے کی تگ و دو میں اپنے مرد ساتھیوں کےشانہ بشانہ کام کرتی ہیں۔
یونین رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، فاروق آباد، پتوکی میں یونین کے زیر اہتمام یوم مئی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور لاہور میں پروگریسو لیبر فیڈریشن کے یوم مئی کے جلوس میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مرحوم محمود بٹ کے انقلابی سوشلسٹ مشن کو جاری رکھا جائے گا۔ بعد ازاں مرحوم کی یاد میں تمام رہنماؤں نے کھڑے ہو کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔