خبریں/تبصرے

’پاک بھارت دشمنی جموں کشمیر کے لئے وبال جان بنی ہوئی ہے‘

کشمیر (پریس ریلیز) جے کے ایل ایف کے سفارتی بیورو کے سربراہ راجہ مظفر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں ان کی توجہ 22 جولائی کو پونچھ سیکٹر میں سیز فائر لاین پر واقع تیتری نوٹ کراسنگ پائنٹ پر ہونے والے پر امن مارچ اور دھرنے کے پروگرام کے بارے دلائی ہے۔ خط جس کی نقل میڈیا کے لئے جاری کی گئی ہے کے مطابق راجہ مظفر نے لکھا ہے ”ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دشمنی کی 76 سالہ تاریخ کشمیر کے لوگوں کے لئے وبال جان بنی ہوئی ہے۔ جموں کشمیر کی مسلسل تقسیم ایک انسانی مسئلہ ہے، ہماری قوم اور خاندانوں کو تقسیم کرنے والے اس دائمی انسانی المیے کو ختم کرنے کے لیے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے پاکستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں سیز فائر لائن کے تیتری نوٹ پونچھ سیکٹر پر پرامن احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے“۔

راجہ مظفر نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ کشمیری عوام کے اس پرامن احتجاج کا مقصد ریاست جموں کشمیر سے فوجوں کے انخلا اور بھارت، پاکستان اور چین کے درمیان جموں کشمیر کو تقسیم کرنے کی کسی خفیہ سازش کی طرف بین الاقوامی برادری کی توجہ دلانا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ عوام کے اس پر امن احتجاج کو ناکام بنانے کے لئے دونوں ممالک کی فوج اپنے اپنے مفادات کی تکمیل کے لئے پر امن شہریوں کے خلاف بلا اشتعال تشدد اور فوجی کاروائی کا سہارا لے سکتے ہیں اور بعد میں ایک دوسرے پر الزام تراشی کا کھیل شروع کر سکتے ہیں۔

راجہ مظفر نے سیکرٹری جنرل کو لکھا کہ وہ اس سلسلے میں ’UNMOGIP‘ (اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین) کو ہدایت دیں کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں اور اس کی اطلاع جنرل سیکرٹری کے دفتر کو دیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts