خبریں/تبصرے

راولاکوٹ: پولیس اور مظاہرین میں تصادم، متعدد زخمی، پولیس گاڑیاں نذر آتش

راولاکوٹ (نامہ نگار) پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے شہر راولاکوٹ کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے ملانے والی شاہراہ پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان پیر کی شب خونریز تصادم کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار اور درجن بھر مظاہرین شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ مظاہرین نے پولیس کی دو بسوں کو نذر آتش کر دیا۔ چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اس تصادم اور آٹھ گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاجی دھرنا کے دوران دونوں اطراف گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل رہی۔

مظاہرین گرفتار رہنماؤں کی رہائی، بے بنیاد مقدمات کے خاتمے کے علاوہ بجلی کے بلات میں فیول ایڈجسٹمنٹ پرائس سمیت دیگر ناجائز ٹیکسوں کے خاتمے اور خطہ کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ تاہم حکومت نے مطالبات ماننے سے انکار کر دیا، مظاہرین نے چوبیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کا آغاز کر دیا۔

مظاہرین نے جوابی پتھراؤ کیا اور گاڑیوں کو بھی نذر آتش کر دیا۔ مظاہرین نے دوبارہ سڑک پر قبضہ کرتے ہوئے پولیس پیچھے دھکیل دیا۔ رات 1 بجے کے قریب مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم تھم گیا اور مظاہرین نے سڑک کھول دی۔ تاہم آج منگل کے روز پونچھ بھر میں احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پولیس تشدد اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف پونچھ بھر کی عوامی ایکشن کمیٹیوں اور سیاسی جماعتوں نے اس ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts