خبریں/تبصرے

آئی ایم ایف پروگرام کے جائزے میں تاخیر: زرمبادلہ کے ذخائر سے ایک ماہ کی درآمدات ہو سکیں گی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے قرض پروگرام کے 9 ویں جائزے میں غیر معمولی تاخیر اور غیر یقینی صورتحال اور زرمبادلہ کے ذخائر کی کمی کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کا آغاز مندی سے ہوا ہے۔

’ڈان‘ کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس 537.43 پوائنٹس یا 1.28 فیصد کمی کے بعد 41 ہزار 612 پر بند ہوا۔

پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر 25 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں میں تاریخی کم سطح 7 ارب 50 کروڑ ڈالر تھے، جس سے محض ایک مہینے کی درآمدات کی ادائیگی ہو سکتی ہے۔

پاکستا ن نے 2 دسمبر کو ایک ارب ڈالر کے عالمی بانڈز کی ادائیگی مدت سے تین روز قبل کر دی اور ایشیائی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کی جانب سے 50 کروڑ ڈالر بھی موصول ہوئے تھے۔

سعودی عرب نے پاکستان کے غیر ملکی ذخائر میں جمع 3 ارب ڈالر کی مدت میں بھی توسیع کر دی تھی۔

پاکستان نے آئی ایم ایف کے 6 ارب ڈالر کا پروگرام 2019ء میں شروع کیا تھا، جس کا 9 واں جائزہ زیر التوا ہے۔ آئی ایم ایف حکام اور حکومت کے درمیان ایک ارب 18 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

پاکستان اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔ دہائیوں کی بلند مہنگائی اور خطرناک حد تک کم غیر ملکی زرمبادلہ خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts