لاہور (جدوجہد رپورٹ) روزنامہ جدوجہد مجلس ادارت کے سینئر رکن ڈاکٹر قیصر عباس کو متفقہ طو رپر جدوجہد کے مدیر اعلیٰ کے فرائض سونپ دیئے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ گزشتہ ہفتہ مجلس ادارت کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلہ کے مطابق مجلس ادارت کے دیگر اراکین اور شریک مدیر بدستور اسی طرح کام کرتے رہیں گے۔
ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدوجہد کے بانی اراکین میں شامل ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پاکستان کے سرکاری ٹیلیویژن چینل پی ٹی وی میں بطور نیوز پروڈیوسر کام کرتے رہے ہیں۔ جنرل ضیاء الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہو گئے تھے، وہیں سے پی ایچ ڈی مکمل کی۔
آپ کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ایمبری ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔
انہوں نے پاکستانی میڈیا پر From Terrorism to Television: Dynamics of Media, State and Society کے عنوان سے ایک کتاب بھی بطور شریک مدیر، شائع کی ہے جسے معروف عالمی اشاعتی ادارے روٹلیج نے شائع کیا۔ اس کے علاوہ وہ میڈیا کے موضوع پر کئی مقالے اور بک چیپٹرز بھی شائع کر چکے ہیں