خبریں/تبصرے

’کشمیر والا‘ ویب سائٹ بند کر دی گئی!

لاہور (جدوجہد رپورٹ) بھارتی سرکار نے کشمیر والا ویب سائٹ، جو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل پررپورٹنگ کرتی رہی ہے، بند کر دی گئی ہے۔ ملک کی وزارت ِالیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنا لوجی نے آئی ٹی ایکٹ کے تحت کشمیر والا کی ویب سائٹ، فیس بک اور ایکس (سابقہ ٹویٹر) کے انٹر نیٹ اکاؤنٹس پر پابندی عائد کر دی ہے اور انہیں پورے ملک میں بلاک کر دیا ہے۔

کشمیر والاکے اعلان کے مطابق ادارے کویک سرکاری حکم کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے کہ پچھلے ہفتے کے دن سے اس کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیاکو بند کر دیا گیا ہے اور اسی دن لینڈ لارڈ نے سری نگر میں ادارے کادفتر خالی کرنے کا مطالبہ بھی کیاہے۔

یہ اقدامات ان کوششوں کا حصہ ہیں جن کے تحت بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ذرائع ابلاغ پر مسلسل پابندیاں لگائی جارہی ہیں، درجنوں صحافیوں پر حملے ہورہے ہیں اورانہیں قید کیا جارہا ہے۔ گزشتہ اٹھارہ ماہ سے کشمیر والا کے مدیر اور بانی فہد شاہ زیر حراست ہیں اور پچھلے سال جنوری سے اس کے زیر تربیت رپورٹرسجاد گُل جموں کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار ہیں۔

کئی عالمی اداروں نے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلم اکثریتی علاقوں کی آوازخاموش کرنے اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی فوری طور پر بند کی جائے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts