خبریں/تبصرے

لاہور میں احتجاجی مظاہرین کا امریکہ اور عالمی بینک سے ماحولیاتی ایکشن اور احتساب کا مطالبہ

 لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان کسان رابطہ کمیٹی، لیبر ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور تمیرنو ویمن ورکرز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ احتجاج 5 اکتوبر کو جرمنی کے شہر بون میں ہونے والی گرین کلائمیٹ فنڈ (جی سی ایف) کی دوسری کانفرنس سے چند روز قبل منظم کیا گیا، جس میں عالمی جنوب کی حکومتیں موسمیاتی تباہی سے ہونے والی تباہی کی مد میں فنڈنگ میں اضافے کا اعلان کریں گی۔

احتجاج میں امریکی حکومت پر موسمیاتی فنڈ فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ مظاہرین نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والی تباہی کی تلافی کرتے ہوئے فنڈنگ کے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کریں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ موسمیاتی بحران کو منافع کمانے کے مواقع کی بجائے ایک عالمی ضرورت اور بحران کے طور پر دیکھے۔

مظاہرین نے ماحولیاتی اقدامات کے بارے میں پاکستانی حکومت کی مبینہ بے حسی کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے لوگوں کے لئے سستی بجلی کو یقینی بنانے اور فوسل فیول کی بجائے قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی طرف منتقلی کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے عالمی جنوب کے امیر ممالک پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنی ماحولیاتی ذمہ داریوں کو پورا کریں بلکہ اپنے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کے لئے بھی اہم اقدامات کریں۔ انہوں نے موسمیاتی بحران سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے ترقی پذیر ممالک کو ماحولیاتی تباہی کی تلافی کرتے ہوئے فنڈنگ فراہم کرنے پر زور دیا۔

احتجاج کے دوران پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری فاروق طارق نے عالمی بینک جیسے اداروں کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی بینک کے وسیع اور مسلسل آلودگی پھیلانے والے ٹریک ریکارڈ، اس کے منافع پر مبنی نقطہ نظر، قرضے پیدا کرنے کے میکانزم اور مشروط اور ناقابل رسائی نوعیت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ فاروق طارق نے امریکی حکومت کی جانب سے ورلڈ بینک کو ماحولیاتی فنڈنگ کے لیے ہاؤسنگ ادارے کے طور پر برقرار رکھنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کا سب سے بڑا اخراج کرنے والا ملک ہے۔

احتجاج کے دوران پیش کی گئی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکہ نےمجموعی طور پر کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ پیدا کیا ہے، اور تاریخی طور پر موسمیاتی تبدیلیوں میں اہم کردار ادا کیا۔

ایشین پیپلز موومنٹ آن ڈیٹ اینڈ ڈیولپمنٹ کے کنٹری پروگرام ہیڈ ضیغم عباس نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جیسے ممالک امریکہ جیسے بڑے آلودگی پھیلانے والوں کی پالیسیوں کے نتائج برداشت کرتے ہیں۔ انہوں نے جیواشم ایندھن کی صنعت کی مالی اعانت میں عالمی بینک کی شمولیت اور عالمی جنوب میں قرضوں کے میکانزم کی تشکیل میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والےنقصان کی فنڈ کی نگرانی کے لئے ایک آزاد ادارے کا مطالبہ کیا۔

لاہور میں ہونے والا احتجاج ایک وسیع تر بین الاقوامی تحریک کا حصہ تھا۔ گرین کلائمیٹ فنڈ کانفرنس سے قبل منیلا، ڈھاکہ اور کھٹمنڈو کی مختلف تحریکوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی جانب سے اسی طرح کے مظاہرے کیے گئے تھے۔ ان تمام مظاہرین نے امریکہ سے اس مطالبے کی تائید کی کہ وہ آب و ہوا سے متعلق اقدامات اور مالی اعانت کے لیے اپنی کوششوں میں تیزی لائے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts