خبریں/تبصرے

امریکہ: غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف طلبہ کے مظاہرے جاری، سینکڑوں گرفتار

لاہور(جدوجہد رپورٹ) امریکہ کی یونیورسٹی میں سینکڑوں طلبہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ طالبعلم غزہ میں جنگ بندی اور فلسطین پر اسرائیل کی تقریباً7ماہ سے جاری جنگ کی معاونت کرنے والی کمپنیوں سے حکومت کی علیحدگی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

’الجزیرہ‘ کے مطابق بوسٹن میں پولیس نے نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی میں احتجاجی کیمپ کو صاف کرتے ہوئے تقریباً100افراد کو حراست میں لیا۔

مڈویسٹ میں بلومنگٹن کی انڈیانا یونیورسٹی کیمپس سے بھی پولیس نے احتجاجی کیمپ اکھاڑ کر 23افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ایریزانا اسٹیٹ یونیورسٹی میں 69طلبہ کو گرفتار کر کے کیمپ ختم کیا گیا ہے۔

دریں اثناء سینٹ لوئس کی واشنگٹن یونیورسٹی میں کم از کم80افراد کو گرفتار کیا گیا۔

پورے امریکہ میں یونیورسٹی رہنماؤں نے مظاہروں کو روکنے کی کوشش کی، تاہم وہ ناکام رہے، جس کے بعد پولیس کو پرتشدد مداخلت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ مختلف ریاستوں سے ایسی ویڈیوز بھی سامنے آرہی ہیں، جن میں سینکڑوں طلبہ اور فیکلٹی ممبران کو بھی زبردستی گرفتار کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں 100سے زائد فلسطینی حامی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ یونیورسٹی کیمپس میں شروع ہونے والا مظاہروں کا یہ سلسلہ ملک گیر احتجاج میں تبدیل ہو گیا ہے۔

گزشتہ دس دنوں میں سینکڑوں طلبہ کو گرفتار، معطل یا برطرف کیا گیا ہے۔ کچھ یونیورسٹیوں میں گریجویشن کی تقریبات منسوخ کی گئی ہیں، جبکہ کئی یونیورسٹیوں کے کیمپس پر مظاہرین نے قبضہ کیا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts